حکومت روزگار کی فراہمی اور صوبہ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے ذریعے سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے کوششیں کرتی رہے گی‘رانا محمد اقبال خان

پنجاب حکومتوں کی کوششوں کے نتیجے میں پنجاب کی شرح ترقی دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے‘وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق

جمعرات 12 مئی 2016 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء ) پنجاب اسمبلی کے سپیکر رانامحمد اقبال خان نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک)کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صنعتی ،ترقی روزگار کی فراہمی اور صوبہ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے ذریعے سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے کوششیں کرتی رہے گی۔ وہ گزشتہ روزلاہور ملتان روڈ پر چونیاں میں-282ایکڑ پر چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کی صنعتی ترقی کے حوالے سے خدمات کو سراہا اور کہا کہ پیڈمک ہر ضلع میں دو انڈسٹریل اسٹیٹس بنانے کیلئے کام کر رہی ہے اس سے صنعتی انقلاب آئے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق نے خطاب کے دوران پیڈمک کی صوبے میں صنعتی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومتوں کی کوششوں کے نتیجے میں پنجاب کی شرح ترقی دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے۔

اس موقع پر قائمقام چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) رضوان خالد بٹ نے آگاہ کیا کہ گزشتہ پانچ برس سے زائد کے عرصے میں پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی صنعتکاربرادری میں ایک ہاؤس ہولڈکی حیثیت اختیار کر گئی ہے ۔ جس کاکریڈ ٹ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے صنعتی ترقی کے وژن، پیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پالیسیوں اور اس کی مینجمنٹ کی شبانہ روز محنت کو جاتا ہے۔

2009میں پیڈمک کے کریڈٹ پر سندر اور ملتان انڈسٹریل اسٹیٹس کی شکل میں دو ادھوری انڈسٹریل اسٹیٹس تھیں لیکن آج پیڈمک نے نہ صرف اپنے اخراجات خود برداشت کرتے ہوئے ادھوری انڈسٹریل اسٹیٹس کو مکمل کیا بلکہ سات مزید انڈسٹریل اسٹیٹس کی تعمیر بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے شکر گزارہیں جنھوں نے موجودہ بورڈ آف ڈائریکٹرز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر طرح کے پراپیگنڈے اور میڈیا ٹرائل کو مسترد کیا اور صوبہ پنجاب کو صنعتی ترقی کی راہ پر ڈالنے کے وژن کی تکمیل کی ۔

انہوں نے کہا کہ پیڈمک کے تمام پراجیکٹس سیلف فنانسڈ ہیں اورپیڈمک لگ بھگ نو پراجیکٹس مکمل کر چکی ہے اور نئے پراجیکٹس پر بھی کام جاری ہے ۔تقریب سے خطاب کرنے والوں میں رکن صوبائی اسمبلی شیخ علا ؤ الدین او ررکن قومی اسمبلی رانا اسحاق بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :