12مئی کو طاقت کا دعویٰ کرنے والا پرویز مشرف آج چوہے کی طرح ملک سے بھاگ گیا ہے ،نثار احمد کھوڑو

افتخار محمد چوہدری کو اب سلام کرنے والا بھی کوئی نہیں ملتا لیکن پیپلزپارٹی آج بھی اپنی جگہ پر قائم ہے ،پیپلزسیکرٹریٹ میں تقریب سے خطاب

جمعرات 12 مئی 2016 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے سربراہ اور سینئر وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ 12مئی کو طاقت کا دعویٰ کرنے والا پرویز مشرف آج چوہے کی طرح ملک سے بھاگ گیا ہے ۔جب عدالتوں میں پیش ہونا ہوتا ہے تو پرویز مشرف بیمار ہوجاتے ہیں ۔پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے افتخار محمد چوہدری کی بحالی کے لیے قربانیاں دیں لیکن وہ ریٹائرمنٹ کے بعد ہمارے شہدا کے گھروں پرتعزیت کے لیے بھی نہیں آئے ،جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پیپلزسیکرٹریٹ میں 12مئی کے شہدا کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم ،وقار مہدی،راشد ربانی ،جاوید ناگوری ،منظور عباس ،حبیب الدین جنیدی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

تعزیتی اجتماع میں سانحہ 12مئی کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 12مئی 2007کو ہماری آنکھوں کے سامنے پیپلزپارٹی کے 80کارکنوں کو شہید کیا گیا ۔کراچی جیسے شہر کو دن دیہاڑے یرغمال بنا کر گولیوں کی بوچھاڑ کی گئی اور شام کو اس وقت کے آمر جنرل (ر) پرویز مشرف نے اسلام آبا دمیں مکا لہرا کر کہا کہ آج کراچی میں ہماری طاقت دیکھ لی ہے ۔اس دن طاقت کا دعویٰ کرنے والا پرویز مشرف چوہے کی طرح ملک سے فرار ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جنرل (ر)پرویز مشرف کو عدالتوں میں طلب کیا جاتا ہے تو وہ بیمار ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی ملک چھوڑ کر بھاگ گئے لیکن پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمروں کا مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں ۔ملک میں کبھی آمر اور کبھی ان کے چمچے اقتدار سنبھال لیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ ملک میں جمہوریت قائم رہے لیکن کبھی جعلی ووٹوں کے ساتھ اور کبھی جھوٹے پروپیگنڈے کے ساتھ سیاست کو گندا کیا جاتا ہے ۔

پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لیے قربانیاں دیتی آئی ہے ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ افتخار محمد چوہدری کو اب سلام کرنے والا بھی کوئی نہیں ملتا لیکن پیپلزپارٹی آج بھی اپنی جگہ پر قائم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم وہ پاکستان چاہتے ہیں جس میں ایک دوسرے کا احترام کیا جائے ۔ہم سے بے نظیر بھٹو چھین لی گئیں جو آئندہ وزیراعظم تھیں لیکن ہمارے کارکنان کو اب اپنے نئے لیڈر بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ برس سانحہ 12کے شہداء کی یاد میں اظہار یکجہتی کا دن منایا جائے گا ۔انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے کارکنان نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔جیلیں کاٹی ہیں اور صعوبتیں برداشت کی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :