Live Updates

وزیراعظم نواز شریف اپوزیشن کے سوالات کا جواب دینے سے کیوں گھبرارہے ہیں ،تحریک انصاف

اگر پاناما لیکس کی شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو تحریک انصاف حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرے گی،فیصل واوڈا ،عمران اسماعیل

جمعرات 12 مئی 2016 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپوزیشن کے سوالات کا جواب دینے سے کیوں گھبرارہے ہیں ۔اگر پاناما لیکس کی شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو تحریک انصاف حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار فیصل واوڈا اور عمران اسماعیل نے جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ نے اگر آف شور کمپنیاں بنائی ہیں تو انہیں بتانا ہوگا کہ اس کے لیے پیسہ کہاں سے آیا اور وہ ملک سے باہر کیسے منتقل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پیپرز میں نواز شریف کی جائیدادوں کا پول کھل گیا ہے ۔شریف خاندان یہ دعویٰ کرتا ہے کہ کئی مرتبہ ان کا کاروبار ختم کرانے کی کوشش کی گئی تو پھر میں یہ سوال کرتا ہوں کہ یہ بتایا جائے کہ وہ کون سا الہ دین کا چراغ ہے جس سے اتنے کم وقت میں اتنی بڑی جائیدادیں دوبارہ بنالی گئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی رہنما دانیال عزیز نے مجھ پر اور میری بہن پر آف شور کمپنیاں بنانے کے الزامات لگائے ہیں ۔ان تمام الزامات کو غلط قرار دیتا ہوں ۔یہ الزامات ان کی گھٹیا سوچ کی عکاسی کرتے ہیں ۔جس کی کوئی عزت نہ ہو اس کے خلاف کیا قانونی چارہ جوئی کروں گا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2007میں حسن نواز نے لندن میں 75کروڑ روپے کی جائیداد خریدی جو ایک ماہ قبل آف شور کمپنی کی آڑ لے کر 650کروڑ روپے میں فروخت کردی گئی ۔

میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ بتایا جائے یہ پیسہ کہاں سے آیا اور اس پر کتنا ٹیکس ادا کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور احتساب کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ پاناما لیکس اسکینڈل کی تحقیقات کرائی جائیں اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔اس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا کہ نواز شریف کبھی بیمار ہوجاتے ہیں اورکبھی علاج کرانے لندن چلے جاتے ہیں ۔ہم نے اب تک پرامن انداز میں احتساب کا مطالبہ کیا ہے ۔نواز شریف اگر مطمئن ہیں کہ انہوں نے کوئی غیرقانونی جائیداد نہیں بنائی ہے تو وہ پارلیمنٹ میں آکر اپوزیشن کے سوالات کا جواب دیں ۔اگر جواب نہیں ملیں گے تو پھر سڑکوں پر احتجاج ہوگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات