گورنمنٹ میاں میر ہسپتال میں کمپیوٹر آپریٹر کو جوائننگ کی اجازت نہ دینے کیخلاف درخواست پر دو ہفتوں میں قانون کے مطابق واضح فیصلہ کرنے کا حکم

جمعرات 12 مئی 2016 22:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء)لاہور ہائیکورٹ نے گورنمنٹ میاں میر ہسپتال میں کمپیوٹر آپریٹر کو جوائننگ کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر ایم ایس ہسپتال کو دو ہفتوں میں قانون کے مطابق واضح فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاحد وحید نے ارشاد احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کمپیوٹر آپریٹر کی بھرتی کے لئے ٹیسٹ اور انٹرویو پاس کیا اور درخواست گزار کا نام کامیاب امیدواروں کی فہرست میں آویزاں کیا گیا مگر اب انتظامیہ درخواست گزار کو جوائننگ دینے کی اجازت نہیں دے رہی۔

فاضل عدالت نے درخواست ایم ایس میاں میر ہسپتال کو بھجواتے ہوئے حکم دیا کہ درخواست پر قانون کے مطابق دو ہفتوں میں فیصلہ کیا جائے۔