کچھ لوگ جمہوریت کو ڈی ریل کر نے میں لگے رہتے ہیں ٗریڈ لائن کو کراس نہ کیا جائے ٗ سعد رفیق

سیاست چمکانے کیلئے پانامہ پیپرز پر شور کیا جا رہا ہے قبائلی علاقہ جات کیلئے ہر دن 12 مئی کا ہے ٗجمال الدین

جمعرات 12 مئی 2016 22:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہاہے کہ کچھ لوگ جمہوریت کو ڈی ریل کر نے میں لگے رہتے ہیں ٗپانا ما لیکس کا مسئلہ حل ہونے بعد بھی مخالفت کوئی چیز نکال کر لے آئینگے ٗ ریڈ لائن کو کراس نہ کیا جائے ۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 12 مئی کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے پاکستانیوں نے بلا تفریق عدلیہ کی آزادی کی تحریک کی حمایت کی ٗزندہ قومیں اپنی تاریخ کو فراموش نہیں کرتیں اور ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتی ہیں سیاسی جماعتوں کیلئے سبق ہے کہ وہ آمروں کی آلہ کار نہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے میں لگے رہتے ہیں ایسے لوگ میڈیا میں بھی ہیں اور سیاست میں بھی ہیں حالانکہ وہ سیاستدان نہیں ہیں ٗ12 مئی کے گروگھٹال پرویز مشرف تھے جنہوں نے اس شام قوم کو مکے دکھائے تھے اور اس پارلیمنٹ میں بھی مکے دکھائے تھے بدترین جمہوریت بھی بہترین آمریت سے بہتر ہے ہم سب انسان ہیں بہتر ہے کہ ہم میں سے کچھ لوگ ملائکہ بننے کی کوشش نہ کریں اب بھی کچھ سیاسی فنکار چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت ڈی ریل ہو یا قبل از وقت الیکشن ہوں ۔

(جاری ہے)

پانامہ پیپرز کا مسئلہ بھی حل ہو گا مگر اس کے بعد یہ پھر کوئی چیز نکال کر لے آئیں گے الزام در الزام کی سیاست سے لوگوں میں اچھا پیغام نہیں جا رہا انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی طرف سے دانستہ یا نادانستہ ایسی کوشش نہ کی جائے جس سے جمہوریت ڈی ریل ہو انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن کو کراس نہ کیا جائے ماضی میں بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو اچکزئی صاحب اور دیگر سمجھاتے رہے کہ ریڈ لائن کو کراس نہ کیا جائے ہم تو یہ بات سمجھ گئے ہیں مگر ایک نئی جماعت اس کو نہیں سمجھی اس کو بھی سیکھنا چاہئے ایسا نہ ہو کہ 12 مئی جیسا کوئی اور واقعہ رونما ہو جائے۔

مسلم لیگ ن کے میاں طارق محمود نے کہا کہ کراچی میں بے گناہ وکلاء کو دفاتر میں زندہ جلا دیا گیا میں وکلاء کو سلام پیش کرتا ہوں کالے کوٹ والوں نے بے مثال قربانی دی ہے جے یو آئی ف کے جمال الدین نے کہا کہ اس ملک میں شہدا کے تذکرے تو ہوتے ہیں اور مظالم کا تذکرہ تو ہوتا ہے مگر اس کا مداوا نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست چمکانے کیلئے پانامہ پیپرز پر شور کیا جا رہا ہے قبائلی علاقہ جات کیلئے ہر دن 12 مئی کا ہے ۔

تحریک انصاف کی مسرت احمد زیب نے کہا کہ فاٹا کے لٹیروں کے مسائل حل کئے جائیں وہ انتہائی مسائل کا شکار ہیں مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ وکلاء نے صرف 12 مئی کو قربانی نہیں دی اس ملک میں جب بھی آمریت آتی ہے وکلاء نے اپنی جان کی قربانیاں دی ہیں ۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج 12 مئی کا دن ہے آج کے دن 9 سال پہلے 2007 میں جب یہاں ایک فوجی آمر کی حکومت تھی اور عدلیہ اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہی تھی آج کے دن سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری پیپلز پارٹی اور جمہوریت پسند رہنماؤں کے ہمراہ کراچی جا رہے تھے اس وقت ان پر قاتلانہ حملے کا بھی پروگرام تھا جو شکر ہے نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گھنٹوں لوگوں پر شکاریوں کی طرح گولیاں چلائی گئیں 50 لوگ شہید اور درجنوں زخمی ہوئے لیکن اس میں ملوث کسی شخص کو سزا نہیں ہوئی اور نہ ہی ان غریبوں کی داد رسی کی گئی جن کے رکشے ، بسیں اور دیگر املاک جلائی گئیں وکیلوں کو زندہ جلایا گیا اگر اس ملک کو چلانا ہے تو اس کا واحد راستہ یہ ہے کہ ملک کو کرپشن فری بنانا ہے آرمی ، عدلیہ اور پارلیمنٹ سے نیا حلف لینا ہو گا کہ اس ملک میں جمہور کی حکمرانی ہو گی اور عدل و انصاف کا نظام قائم کیا جائیگا آج نہ حکومت اور نہ عدلیہ ان لوگوں کیلئے کچھ کر رہی ہے جو 12 مئی کو شہید ہوئے ۔

فاٹا کے حاجی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ 12 مئی حق اور باطل کی جنگ تھی 12 مئی کو جو سازش کی گئی اس میں پختونخوں کو زیادہ ٹارگٹ کیا گیا جس کا مقصد اس جنگ کو بلوچستان کے پی کے اور فاٹا تک لے جانا تھا اس معاملے کی تحقیقات کیلئے اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بنا تو ہم آنیوالی نسل کے مجرم ہوں گے انہوں نے کہا کہ سپیکر اس حوالے سے رولنگ دیں کہ 12 مئی کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔