جنوبی وزیرستان ، آپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی میں 28مئی تک توسیع

جمعرات 12 مئی 2016 22:02

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 مئی۔2016ء ) جنوبی وزیرستان کے آپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی میں 28مئی تک توسیع کردی گئی۔پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک آرمی کے کرنل عمران نے آئی ڈی پیز کیمپ خرگی کا دورہ کیا ۔انھوں نے واپس جانے والے خاندانوں کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا ۔پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان کے زرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے اپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی کا فیز تھری کا مرحلہ گیارہ اپریل سے شروع ہوکر تیرہ مئی تک مقرر کیاگیا تھا ۔

مگر واپس جانے والے خاندانوں کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ نے واپس جانے والے خاندانوں کی تاریخ میں 28مئی تک توسیع کردی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے مطابق 16سے18مئی تک تین دن تک تحصیل سراروغہ کے مختلف علاقوں کو واپسی کی جائے گی۔اسی طرح 19سے 21مئی تک تحصیل سرویکئی کے مختلف علاقوں کو واپسی کی جائے گی۔اور 24سے 25مئی تک تحصیل تیارزہ جبکہ 25مئی سے 28مئی تک جنوبی وزیرستان کے تحصیل لدھا کے رہ جانے والے خاندانوں کی واپسی کی جائے گی۔

جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک آرمی کے کرنل عمران نے جمعرات کے دن جنوبی وزیرستان کے واپس جانے والے خاندانوں کے لئے قائم کردہ خرگی آئی ڈی پیز کیمپ کا دورہ کیا ۔انھوں نے واپس جانے والے خاندانوں کے لئے اٹھائے جانے الے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اور سہولیات کی مذید بہتری کے لئے اقدامات پر غور کیاگیا ۔پولیٹیکل ایجنٹ اور پاک آرمی کے کرنل عمران نے واپس جانے والے آئی ڈی پیز خاندانوں کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے علاوہ ان میں ٹوپیاں ،ٹافیاں اور دیگر سامان بھی تقسیم کیا ۔

جس کی وجہ سے بچے بہت خوش ہوئے ۔پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک آرمی کے کرنل عمران نے واپس جانے والے خاندانوں کے سربراہان سے باتچیت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی واپسی میں دلچسپی اور ان کے تعداد کو دیکھ کر ہم نے فیصلہ کیا کہ متاثرین کی واپسی کی تاریخ میں توسیع بہت ضروری ہے۔ان کا کہناتھا کہ واپس جانے والے خاندانوں کی واپسی میں 28مئی تک توسیع کی گئی ہے۔

ادھر کانی گرم کے سرکردہ قبائلی راہنما ملک عرفان الدین برکی نے پاک آرمی کی طرف سے کانی گرم میں مکانات کے نقصانات کا سروے شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔اور کہا کہ کانی گرم کے لوگ سروے کے لئے منتظر تھے ۔پاک فوج نے سروے شروع کرکے قبائلیوں کے دل جیت لئے ہیں۔انھوں نے پولیٹیکل ایجنٹ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ دیگر تمام سرکاری محکموں پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر جلد از جلد کانی گرم میں سروے شروع کرنے کے لئے ٹیم بھیجے جائیں تاکہ کانی گرم کا سروے جلد از جلد مکمل ہوکر لوگ اپنے اپنے مکانات کی دوبارہ تعمراتی کام شروع کریں ۔

متعلقہ عنوان :