پیپلزپارٹی موجودہ حکومت کو ہٹانے کے حق میں نہیں تھی ، محمد نواز شریف نے کلہاڑی سے اپنے ہی پاؤں کاٹ لیے ہیں،راجہ پرویز اشرف

وزیر اعظم کو استعفیٰ دیکر احتساب عدالتوں کاسامناکرنا چاہیے ،ہم نے جمہوریت کی خاطر ہمیشہ قربانیاں دیں،پیپلزپارٹی ملک سے کرپشن بدعنوانی بیروزگاری مہنگائی اور محرومی ختم کرنے کیلئے پھر سے متحرک ہوچکی ہے،سابق وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 مئی 2016 20:41

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اورسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی موجودہ حکومت کو ہٹانے کے حق میں نہیں تھی مگر میاں محمد نواز شریف نے خود کلہاڑی سے اپنے ہی پاؤں کاٹ لیے ہیں اب جو تناظر بن رہا ہے اس میں نوازشریف کو استعفیٰ دیکر احتساب کی عدالتوں کاسامناکرنا چاہیے وزیراعظم اور ان کے خاندان کے علاوہ وزراء کی کرپشن کے قصے ایسی پکی سیاہی سے لکھے ہوئے ہیں جنہیں وزیراعظم کے مشیر جھوٹی بیان بازی کے پانی سے نہیں دھوسکتے ہم نے جمہوریت کی خاطر ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اورآج کی پیپلزپارٹی ملک سے کرپشن بدعنوانی بیروزگاری مہنگائی اور محرومی ختم کرنے کیلئے پھر سے متحرک ہوچکی ہے پاکستان پیپلزپارٹی بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے سفر کو انہی کے قدموں سے شروع کر چکی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے گذشتہ روز انتقال کر جانیوالے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے چوہدری احمد علی ٹولو کے ہاں تعزیت کااظہار کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنماء چوہدری منظور احمد،جمیل احمد کلس،صدر بار چوہدری منیر احمد،چوہدری مظفر ٹوڈے پور،مرزانسیم الحسن،حاجی لیاقت علی آف قصور ،چوہدری محمد صادق،مہرجاوید اقبال ساجد،خادم علی کھوکھر،شوکت نقشبندی،فضل حسین بھٹہ،مہر محمد سلیم،محمد یٰسین نمبردار،آصف علی،ڈاکٹر محمد اکرم ،مقبول احمدٹولو،طارق رشید،اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پورے ملک میں کسانوں کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے ،اور ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شعبہ زراعت کو تباہ کرکے رکھ دیا گیاہے ،انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں رینٹل پاور پراجیکٹس پر اربوں روپے کی کرپشن کا واویلا کرنے والے آج کے حکمران ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کا موجودہ حکومت سے پانامہ لیکس کے معاملے کو جلد ازجلد ختم کرنے کا کہنا ان کا حق ہے اور موجودہ کرپٹ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان کیلئے قربانی کی لازوال داستانیں رقم کرنیوالی پاک فوج کی خواہش کا احترام کرے کیونکہ اسی میں ملک اور قوم کی بہتری ہے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پاناما لیکس پر دو ٹوک اور واضح موقف اختیار کیا ہے اور تمام اپوزیشن جماعتیں پاناما لیکس پر جلد ازجلد فیئر اینڈ فری تحقیقات چاہتی ہیں انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور اس کے مشیر پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیاکرتے تھے اب یہ انکی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کرپشن ثابت ہوجانے پر مستعفی ہوکر عدالتوں کا سامنا کریں اگر وہ ان تحقیقات میں بری الزمہ ہوتے ہیں تو وہ حکومت کی باگ دوڑ دوبارہ سنبھال سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت کے نا عاقبت اندیش وزراء اور مشیر پاناما لیکس پر سنجیدگی دکھانے کی بجائے مسخروں جیسا کردار ادا کر رہے ہیں جو کہ حکومت کیلئے خطرناک ثابت ہو گا انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پر بے بنیاد اور شرمناک الزامات لگانے والے خواجہ آصف اب کرپشن سے کے پیسے سے اپنی تجوریاں بھرنے میں لگے ہوئے ہیں سابق وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے دور میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 162فی بیرل تھی اور پاکستان میں ہم صارفین کو بجلی4روپے فی یونٹ مہیا کرتے تھے مگر آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 40ڈالر فی بیرل ہے مگر پاکستان میں بجلی کی قیمت18روپے فی یونٹ ہے اور لوڈ شیڈنگ بھی 18گھنٹے روزانہ کی جارہی ہے ،حکومتی وزراء لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کرتے ہوئے تھکتے نہیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں پر الزامات لگانے کی بجائے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ ملکی حالات بگاڑنے کی بجائے اصل بحران کا حل نکالیں ،انہوں نے کہا کہ میری نظر میں پاناما لیکس پر اٹھنے والے طوفان کو ختم کرنے کی کنجی صرف اور صرف وزیر اعظم میاں نواز شریف کے پاس ہے ان کا فرض ہے کہ وہ فوراً استعفیٰ دیکر اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کر دیں۔