اپوزیشن اپنے سوالات پارلیمنٹ میں جمع کرادیں ٗ وزیر اعظم جواب دینگے ٗ عابد شیر علی

قوم ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر نے والوں کے ساتھ کھڑی ہے ٗ اپوزیشن اپنے ساتھیوں کو بچانے کیلئے شور شرابہ کررہی ہے ٗمیڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 مئی 2016 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ اپوزیشن اپنے سوالات پارلیمنٹ میں جمع کرادیں ٗ وزیر اعظم جواب دینگے ٗ قوم ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر نے والوں کے ساتھ کھڑی ہے ٗ اپوزیشن اپنے ساتھیوں کو بچانے کیلئے شور شرابہ کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہاکہ پانا مالیکس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کا نام نہیں ہے اوراپوزیشن کے قائدین کے ساتھیوں کے نام پانا لیکس میں آئے ہیں اور وہ اپنے آپ کو بچانے کیلئے شور شرابہ کررہی ہے وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے بنایا گیا فورم لیگل نہیں اگر لیگل فورم کی ضرورت ہے تو اپوزیشن آئے اور اپنے سوالات پارلیمنٹ میں جمع کروائے اور وزیراعظم اس کا جواب دینگے۔

انہوں نے کہا کہ قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور جانتی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو کس طرح ترقی کی راہ پر لے کر چل رہی ہے۔