قومی اسمبلی میں اپوزیشن کاوزیراعظم نواز شریف کے ایوان میں نہ آنے پر احتجاج جاری ،ایوان سے واک آؤٹ

جب تک وزیراعظم ایوان میں نہیں آتے ہمارا یہاں بیٹھنا فضول ہے ٗنوید قمر اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد کورم کی نشاندہی پر اجلاس کی کارروائی کورم پورا ہونے تک ملتوی

جمعرات 12 مئی 2016 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء ) قومی اسمبلی میں جمعرات کو بھی اپوزیشن نے وزیراعظم نواز شریف کے ایوان میں نہ آنے پر احتجاج جاری رکھتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد تحریک انصاف کے مراد سعید نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر سپیکر سردار ایاز صادق نے اجلاس کی کارروائی کورم پورا ہونے تک ملتوی کر دی اس سے قبل اجلاس مقررہ وقت سے دس منٹ تاخیر سے شروع ہوا تلاوت قرآن پاک و نعت رسول مقبولؐ کے بعد پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ اپوزیشن گزشتہ کچھ دنوں سے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کر رہی ہے اور اس کی وجہ صرف وزیراعظم کا ایوان میں نہ آنا اور آ کر بات نہ کرنا ہے اپوزیشن نے وزیراعظم کیلئے سات سوالوں پر مشتمل سوالنامہ تیار کیا ہے ایک وزیر نے بتایا ہے کہ وزیراعظم جمعہ کو ایوان میں آئیں گے تو یہاں انہیں سات سوالوں کے جواب دینا ہوں گے اور یہی وہ فورم ہے جہاں انہیں جواب دینا ہو گا انہوں نے کہا کہ جب تک وزیراعظم ایوان میں نہیں آتے ہمارا یہاں بیٹھنا فضول ہے لہذا ساری اپوزیشن واک آؤٹ کرتی ہے اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے بعد ازاں تحریک انصا ف کے مراد سعید نے کورم کی نشاندہی کر دی سپیکر نے ارکان کی گنتی کی تو مطلوبہ تعداد موجود نہیں تھی اس پر سپیکر نے اجلاس کی کارروائی کورم پورا ہونے تک ملتوی کر دی۔