حکومت پنجاب سرکاری افسران کو علم و ہنر کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، افتخار علی سہو

جمعرات 12 مئی 2016 20:02

لاہور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء ) صوبائی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے میں کام کرنے والے تمام تر سرکاری افسران کو بہترین علم اور ہنر کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے اعلیٰ اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں سرکاری افسران کی استعداد کار کو مزید بڑھانے کیلئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ لاہور اور پنجاب پروکیورٹمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی و لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے باہمی اشتراک و تعاون سے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ، پراجیکٹ مینجمنٹ اور پروکیورٹمنٹ جیسے شعبہ جات پر شارٹ ٹریننگ پروگرامز منعقد کروا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) میں صوبائی سرکاری افسران کی تربیت و آگاہی کیلئے چار روزہ منعقدہ شارٹ ٹریننگ کورس برائے ”پبلک سیکٹر پروکیورٹمنٹ مینجمنٹ“ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو نے ٹریننگ سیشن کی اختتامی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکاری اداروں کو پروکیورٹمنٹ جیسے معاملات کے دوران خاصا دشواری کا سامنا رہتا ہے اور اس معاملات سے متعلقہ درست آگاہی اور اس سے نمٹنے کیلئے سرکاری افسران کو روشناس کرانے کیلئے ٹریننگ کورسز منعقد کروائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے محکمہ پی اینڈ ڈی کے پنجاب ریسورس مینجمنٹ پروگرا م اور لمز کا مذکورہ شارٹ ٹریننگ پروگرامز منعقد کروانے پر ان کے موثر اقدامات کو سراہا۔ اختتامی تقریب کے دوران پنجاب پروکیورٹمنٹ ریگولر اتھارٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر علی بہادر قاضی نے تقریب کے شرکاء کو پنجاب پروکیورٹمنٹ ریگولر اتھارٹی کے قوانین اور اس کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی دی اور انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پبلک سیکٹر پروکیورٹمنٹ میں شفافیت کو بصورت یقینی بنانا ہے ۔

اختتامی تقریب میں شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت پنجاب ریسورس مینجمنٹ پروگرام کی جانب سے دوسرے مرحلے میں صوبائی افسران کیلئے آئندہ چار روزہ شارٹ ٹریننگ تربیتی کورس برائے پبلک سیکٹر پروکیورٹمنٹ مینجمنٹ 23 مئی 2016 سے لے کر 26 مئی 2016 تک لمز یونیورسٹی میں منعقد کروایا جائے گا۔ ٹریننگ سیشن کے اختتام پر شرکاء کے درمیان تربیت مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :