بجلی صارفین کو مفت انصاف فراہم کرکے زائد بلنگ سے نجات دلائی جا رہی ہے، محمد یامین

ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں درخواستوں کی سماعت کے موقع پر ایڈوائزروفاقی محتسب کی گفتگو

جمعرات 12 مئی 2016 19:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) وفاقی محتسب ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے کہا ہے کہ بجلی صارفین کو مفت انصاف فراہم کرکے زائد بلنگ سے نجات دلائی جارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں ضلع ملیر اور کورنگی کے شہریوں کی جانب سے کے الیکٹرک کے زائد بلنگ کے خلاف دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کہی۔

محمد یامین نے کہا کہ شہریوں کو درپیش زائد بلنگ کا مسئلہ انتہائی شدت اختیار کرگیا ہے جس کے باعث کے الیکٹرک کے خلاف زائد بلنگ سے متعلق درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی محتسب ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین کو درخواست گذار سید شاکر علی نے بتایا کہ وہ صرف 30گز کے مکان میں رہتا ہے لیکن بجلی کی رقم دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کسی بڑے بنگلے کا بل ہے۔

(جاری ہے)

محمد یامین نے کے الیکٹرک کے نمائندے کو حکم دیا کہ ان کے گھر کا لوڈ چیک کیا جائے اور اگلے ہفتے اس کی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ بجلی کے استعمال کا صحیح اندازہ لگایا جاسکے۔ مدعی جعفر بیگ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ایڈوائزر محمد یامین نے کے الیکٹرک کے نمائندے کو حکم دیا کہ ان کا میٹر کے الیکٹرک کے خرچے پر تبدیل کیا جائے اور نئے میٹر کی ریڈنگ کے مطابق بل بھیجا جائے جبکہ محمد رمضان کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اسی قسم کا فیصلہ سنایا اور تین ماہ تک میٹر ریڈنگ کے بعد بل چارج کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی طرف سے زائد رقم کی ادائیگی ہوگئی ہے اسے ایڈجسٹ کیا جائے۔

کورنگی کے شہری محمد ندیم نے کہا کہ میٹر نہ ہونے کے باوجود اندازے سے بجلی کا بل بھیجا جارہا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے وفاقی محتسب کے ایڈوائزر نے اس کی تحقیقات کا حکم دیا جبکہ محمد شکیل کی شکایت کا ازالہ کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے خرچے پر میٹر تبدیل کرنے کا حکم دیا اور ایورج کی بنیاد پر نیا بل بھیجنے کی ہدایت دی۔ خاتون شہری رضوانہ سبین کی کے الیکٹرک کے خلاف شکایت سننے کے بعد محمد یامین نے زائد بلنگ کا خاتمہ کردیا اور بقیہ رقم 12 قسطوں میں ادا کرنے کا حکم دیا۔

دیگر درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے زائد بلنگ کا خاتمہ کردیا گیا اس طرح بجلی صارفین نے وفاقی محتسب کے ادارے کی تعریف کی اور دعائیں دیتے ہوئے خوشی خوشی واپس چلے گئے اس موقع پر کے الیکٹرک کے شینئر افسر معروف سولنگی اور وفاقی محتسب ریجنل آفس کی افسر تعلقاتِ عامہ بہلیم بلقیس جان بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :