Live Updates

شعبہ طب سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کواپنی زندگی کانصب العین بنائیں،اقبال جھگڑا

سات مختلف شعبوں کے206گریجویٹس میں بیچلر، ماسٹر اورایم فل کی ڈگریاں تقسیم کیں ، 46طلباء وطالبات کوگولڈ میڈلز دینے کے علاوہ یونیورسٹی کیلئے بہترین خدمات انجام دینے والے 13نامور شخصیات کوخصوصی ایوارڈز بھی دیئے

جمعرات 12 مئی 2016 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) گورنر خیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کواپنی زندگی کانصب العین بنائیں اور ملک وقوم کی ترقی میں اپنا حقیقی کردارادا کریں۔ جامعات علم وآگہی اورتحقیق کے گہوارے ہوتے ہیں۔ صوبے کی واحد میڈیکل یونیورسٹی ہونے کے ناطے خیبر میڈیکل یونیورسٹی( کے ایم یو) پرمعاشرے کوصحت کے درپیش چیلنجز کے حوالے سے علم وتحقیق کی دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اعلی تعلیمی اداروں میں تحقیق پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وہ جمعرات کے روز خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے دوسرے کانووکیشن کے موقع پر بطورمہما ن خصوصی خطاب کررہے تھے جبکہ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد حفیظ اﷲ اوررجسٹرار ڈاکٹرفضل محمود کے علاوہ ماہرین طب، مختلف اداروں کے سربراہان ،فیکلٹی، گریجویٹس کے والدین اورطلباء وطالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنرنے سات مختلف شعبوں کے206گریجویٹس میں بیچلر، ماسٹر اورایم فل کی ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ 46طلباء وطالبات کوگولڈ میڈلز دینے کے علاوہ یونیورسٹی کے لئے بہترین خدمات انجام دینے والے 13نامور شخصیات کوخصوصی ایوارڈز بھی دیئے ۔ واضح رہے کہ کانووکیشن میں کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزکوہاٹ میں ایم بی بی ایس کی طالبہ اقصیٰ ابرار مختلف مضامین اورامتحانات میں 13 گولڈ میڈلز حاصل کرکے سب سے نمایاں پوزیشن کی حقدار قرار پائیں۔

گورنرنے اس موقع پرخیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی ویلفیئر کیلئے 5 لاکھ روپے گرانٹ اور گولڈ میڈل حاصل کرنے والے گریجویٹس کیلئے فی کس 10 ہزار روپے جبکہ13 گولڈمیڈلز حاصل کرنیوالی ایم بی بی ایس کی گریجویٹ اقصی ابرار کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی انعام کااعلان بھی کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے جوکہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں،کہا کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت اور ملکی ترقی کیلئے مشنری جذبے کے ساتھ کردار اداکرناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کانووکیشن کسی بھی طالب علم کی زندگی کاسب سے اہم موقع ہوتاہے جس میں اسے اپنی تعلیمی محنت کاصلہ ڈگری کی صورت میں ملتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس خاص موقع پر وہ طلباء وطالبات اوربالخصوص ان کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں جو دن رات کی محنت سے مختلف ڈگریوں اور گولڈ میڈلز کے حقدار قرار پائے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ کے ایم یو نے اپنے قیام کے مختصر عرصے میں بے پناہ ترقی کی ہے اوراس کاشمار صوبے اورملک کی ممتاز طبی جامعات میں ہونے لگاہے۔

انہوں نے کہا کہ جن گریجویٹس کوڈگریوں سے نوازاگیاہے ان پر معاشرے کو درپیش طبی مسائل سے نمٹنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ لہٰذا ہم بجا طورپر توقع کرسکتے ہیں کہ انہوں نے کے ایم یو سے علم وتحقیق کی جودولت حاصل کی ہے وہ اسے انسانیت کے علاج معالجے اور خدمت کے لئے بروئے کارلائیں گے۔اقبال ظفر جھگڑا نے کہاکہ کے ایم یو نے صحت کے مختلف شعبوں کی تعلیم وتربیت اورتحقیق کوایک چھتری تلے جمع کرکے جومنفرد اورقابل ذکر تجربہ کیاہے امید ہے اس کے ثمرات آنے والے دنوں میں صوبے کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی دکھی انسانیت کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی کی صور ت میں سامنے آئیں گے۔

گورنر نے کامیاب گریجویٹس ، ان کے والدین اور بالخصوص گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے گریجویٹس کومبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی یہ گریجویٹس نہ صرف اپنی شبانہ روز محنت اورعلم وتحقیق کاسلسلہ آئندہ جاری رکھیں گے بلکہ اپنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کو بھی اپنی زندگی کانصب العین بنائیں گے۔ قبل ازیں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد حفیظ اﷲ نے یونیورسٹی کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے نو سالوں کے دوران کے ایم یو ایک تناور اور ثمربار درخت بن چکاہے جس کے تحت صحت کے آٹھ ذیلی شعبوں میں مختلف سطحات کی معیاری تعلیم وتربیت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کے ایم یو نے صحت کے مختلف شعبوں کو باہم مربوط کرکے صحت کی تعلیم کاجومنفرد تجربہ کیاہے ا سکے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کے ایم یو کے ساتھ صوبے کے35 صحت کے مختلف اداروں کاالحاق نہ صرف کے ایم یو پربھرپور اعتماد کامظہر ہے بلکہ اس کے نتیجے میں صحت کی تعلیم کے معیار میں یکسانیت اوربہتری کے واضح امکانات بھی پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے ایم یو کو ملک کی ممتازدرس گاہ بنانے کے لیئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔بعدازاں وائس چانسلر کے ایم یو نے گورنرکو ادارے کی جانب سے سوینئر بھی پیش کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :