وزیر اعظم اپنے آپ کو کلیئر کرانے کیلئے متحدہ اپوزیشن کے 7 سوالوں کے جواب دیں‘عبدالعلیم خان

وزارتوں کا" شوقین گروپ" اپنی نوکری پکی کرنے کے چکر میں نواز شریف کا دھڑن تختہ کر دے گا ‘ رہنما تحریک انصاف

جمعرات 12 مئی 2016 19:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنے آپ کو کلیئر کرانے کیلئے متحدہ اپوزیشن کی طرف سے دیے گئے اُن 7سوالوں کا تسلی بخش جواب دیں جن کا تعلق پانامہ لیکس کے پس منظر سے ہے لیکن روائتی یا سیاسی نہیں بلکہ عوام کو مطمئن کرنے والا جواب ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا حل ہے ۔

عبدالعلیم خان نے آج یہاں پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارتیں حاصل کرنے کا "شوقین گروپ" اپنی نوکری پکی کرنے کے چکر میں نواز شریف کا دھڑن تختہ کر دے گا ،یہ چار کا ٹولہ نواز لیگ کے سیاسی تا بوت میں آخری کیل ثابت ہو گا حکومت کے نادان دوست ہی اس کی تباہی کا سبب بن رہے ہیں جو بغیر کسی ثبوت کے میڈیا کے سامنے فوٹو سیشن کرانے کے چکرمیں بے سرو پا بیانات دینے میں لگے رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سب سے پہلے عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف واضح موقف اپنایا ہے اور انشا ء اﷲ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ایوانوں کے اندر اور باہر پانامہ لیکس کے معاملے پر ڈٹ کر کھڑی ہے اور کسی قیمت پر نواز لیگ کو فری ہینڈ نہیں دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء عبدالعلیم خان سے ایم پی اے محمدشعیب صدیقی نے ون ٹو ون ملاقات کی جس میں بالخصوص پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پالیسی ،موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا شعیب صدیقی نے پی پی147میں واٹر فلٹریشن پلانٹس ،ویل چئیرز کی تقسیم اور ڈسپنسریوں کے قیام کیلئے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونے والی سرگرمیوں پر مسرت اطمینان کا اظہار کیا ۔