آرمی چیف نے5 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ، آئی ایس پی آر

دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ سے تھا، صفورہ چورنگی بس ، صالح مسجد،سماجی کارکن سبین محمود اورسیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث تھے، کسی بھی وقت پھانسی دی جاسکتی ہے، ذرائع

جمعرات 12 مئی 2016 19:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے صفورہ چورنگی بس ، صالح مسجد، سماجی کارکن سبین محمود اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں میں ملوث القاعدہ کے 5 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔پانچوں دہشت گردوں کو کسی بھی وقت پھانسی دی جاسکتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پانچ خطرناک دہشتگردوں کو فوجی عدالتوں سے سنائی گئی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے ۔

یہ دہشتگرد کراچی میں صفورا چورنگی بس حملے ، صالح مسجد کراچی کے قریب بم دھماکے اور خاتون سماجی کارکن سبین محمود سمیت قانون نافذ کرنیوالے ادارو ں پر حملوں میں ملوث تھے ۔ بیان کے مطابق مذکورہ پانچوں دہشتگردوں کیخلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے جن دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کی گئی ہے ان میں طاہر حسین منہاس ولد خادم حسین منہاس ، سعد عزیز ولد عبد العزیز شیخ ، اسد الرحمان ولد عتیق الرحمان ، حافظ ناصر ولد افضل احمد اور محمد اظہر عشرت ولد عشرت رشید احمد شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق سزا پانے والے پانچوں دہشتگرد کالعدم تنظیم القاعدہ کے فعال ارکان تھے یہ دہشتگرد صفورا چورنگی کراچی میں اسماعیلی برادری کی بس پر حملے میں ملوث تھے جس کے نتیجہ میں متعدد افراد کی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی زخمی ہوئے سزا پانے والے دہشتگرد صالح مسجد کراچی پر حملے سماجی کارکن سبین محمود پر حملے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملے میں ملوث تھے ۔

مذکورہ دہشتگردوں نے عدالت میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا دہشتگرد طاہر حسین منہاس کیخلاف 9 الزامات ، سعد عزیز کیخلاف 10 الزامات ، اسد الرحمان کیخلاف 4 الزامات جبکہ حافظ ناصر اور محمد اظہر عشرت کیخلاف پانچ پانچ الزامات کے تحت مقدمات چلائے گئے اور پانوں دہشتگردوں کو موت کی سزا سنائی گئی۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی طرف سے سزائے موت کی توثیق کے بعد سزا پانے والے دہشتگردوں کو کسی بھی وقت پھانسی دی جا سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :