آرمی چیف نے 5 دہشت گردوں کے سزائے موت کی توثیق کر دی

دہشت گرد صفورا چورنگی میں بس پر حملوں اور کراچی کی صالح مسجد کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کرنے ، سبین محمود کو قتل کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے، پانچوں دہشت گرد القاعدہ سے متحرک رکن تھے، آئی ایس پی آر

جمعرات 12 مئی 2016 18:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مئی۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے 5 دہشت گردوں کے سزائے موت کی توثیق کر دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد صفورا چورنگی میں بس پر ہونے والے حملوں اور کراچی کی صالح مسجد کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کرنے ،سماجی کارکن سبین محمود کو قتل کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے،یہ پانچوں دہشت گرد القاعدہ سے متحرک رکن تھے، دہشت گردوں نے کراچی میں سفورا چورنگی پر اسماعیلی فرقے کی بس کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں بہت سے مسافر جاں بحق اور زخمی ہو گئے تھے، دہشت گردوں نے صالح مسجد کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کر کے بھی حملہ کیا تھا جبکہ یہ دہشت گرد سماجی کارکن سبین محمود کو قتل کرنے کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں نے عدالت کے روبرو اپنے جرائم کااعتراف کیا تھا۔ سزائے موت پانے والوں میں طاہر حسین منہاس ولد خادم حسین،سعد عزیز ولد عبدالعزیز شیخ، اسد الرحمن ولد عتیق الرحمن، حافظ ناصر ولد افضل احمد اور محمد اظہر عشرت ولد عشرت رشید احمد شامل ہیں۔ طاہر حسین منہاس کے خلاف 9 الزامات،سعد عزیز کے خلاف10 الزامات،اسد الرحمن کے خلاف 4 الزامات،حافظ ناصر اور محمد اظہر عشرت کے خلاف بالترتیب 5,5 مقدمات کی سماعت کی گئی جس میں الزامات ثابت ہونے پر ان پانچ دہشت گردوں کو سزائے موت دی گئی۔