کیوبا کے سفیر کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کی مضبوطی کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلے ضروری ہیں، گفتگو

جمعرات 12 مئی 2016 18:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور کیوبا مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون اور اشتراک کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کومزید استحکام دینے میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کی مضبوطی کے لئے دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر زور دیا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیوبا کے سفیرMr. Gabriel Tiel Capoteسے گفتگو کے دوران کیا جو آج ان سے ملاقات کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس تشریف لائے تھے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کیوبن حکومت کی جانب سے پاکستانی طلباء کو کیوبا میں تعلیمی وظائف کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہو ں نے دونوں ممالک کے مابین کامرس، ٹیکنالوجی اور معاشی شعبوں میں باہمی تعاون پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائم پاک کیوبا پارلیمانی دوستی گروپ کی موجودگی سے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سفارتکاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی و اقتصادی شعبوں میں باہمی اشتراک اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو نئی جہت مل سکتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے 2005 میں پاکستان میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد کیوبا کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس تباہ کن زلزلے کے بعد کیوبا نے زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی میں بھرپور حصہ لیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ کیوبا سے آنے والے ڈاکٹروں نے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کر کے بڑی تعداد میں متاثرین کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی تھیں۔انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کیوبا کی جانب سے انسانی ہمدردی اور دوستی کے اس عمل کو پاکستان انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستانی عوام کے دلوں میں کیوبا کے لئے محبت اور تشکر کے جذبات ہیں۔

کیوبا کے سفیرمسٹر Gabriel Tiel Capoteنے سپیکر قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیوبا کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے اور اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہم ایک پر امن او رخوشحال پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کیوبا کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبہ جات میں تعاون کر کے مشترکہ مفادات کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کیوبا کے سپیکر کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ کیوبا کے دورے کی دعوت دی۔

متعلقہ عنوان :