Live Updates

پی ٹی آئی کی خواتین کے وفد کاقصورکا دورہ ،اغواء اورزیادتی کے بعد قتل ہونے والی لڑکیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی

جمعرات 12 مئی 2016 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کی سربراہی میں خواتین کے وفد نے قصورکا دورہ کر کے اغواء اورزیادتی کے بعد قتل ہونے والی لڑکیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔ پی ٹی آئی کی خواتین نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے نہ صرف پنجاب اسمبلی بلکہ ہر جگہ آواز بلند کی جائے گی ۔

مسرت جمشید چیمہ کی قیادت میں دورہ کرنے والی خواتین میں اراکین پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد ، راحیلہ انور سمیت روبینہ اختر ،ثمینہ مانو،غزالہ رفیق ، عاصمہ نعیم ، صباء بٹ اور مدیحہ وقاص شامل تھیں ۔ پیر والا میں اغواء کے بعد زیادتی کا نشانہ بننے اور بعد ازاں موت کے گھاٹ اتارے جانے والی نو سالہ ثناء کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے مرد و خواتین درباری پانامہ لیکس میں نام آنے پر اپنی قیادت کے دفاع کیلئے تو ہر گھنٹے بعد میڈیا میں آکر پریس کانفرنس کر رہے ہیں لیکن انہوں نے غریب عوام سے ہونے والی ظلم و زیادتی پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

انوشہ رحمان، مریم اورنگزیب اور مائزہ حمید نے پراپیگنڈا کرنے اور سیاسی پوائنٹ سکورننگ کیلئے پی ٹی آئی کے جلسے میں سازش کے تحت کرائے گئے حملے پر تو ڈھونگ پریس کانفرنس کر دی لیکن قصور میں بچیوں کے اغواء اور زیادتی کے بعد قتل کے واقعات پر پریس کانفرنس کرنے کی زحمت نہیں کی گئی۔ (ن) لیگ کی خواتین بتائیں ان مظلوموں کی داد رسی کیلئے کب پریس کانفرنس کریں گی ۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان خون کے آنسو رو رہے ہیں لیکن انہیں کوئی انصاف دینے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر اس طرح کے لرزہ خیز واقعات کا ہونا اور اس پر کوئی نوٹس نہ لیا جانا لمحہ فکریہ ہے ۔ اگر قصور ویڈیو سکینڈل کے اصل ملزمان کو قرار واقعی سزا ملتی تو آج کسی کو ہوا کی بیٹیوں کو گھر سے اغواء کر نے کے بعد زیادتی اور پھر قتل کرنے کی جرات نہ ہوتی ۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے ان واقعات کو منظر عام پر لانے سے روکنے کے لئے میڈیا پر بھی دباؤ ڈالا جارہا ہے لیکن میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جوحکمرانوں کے فسطائی ہتھکنڈوں کے باوجود اپنا بھرپور کردار دا ر ادا کر رہا ہے۔اراکین پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد اور راحیلہ انور نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان واقعات کے خلاف پنجاب اسمبلی کے فلور پر آواز بلند کی جائے گی اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :