سوات میں بجلی کی مد میں16 کروڑ روپے کی لاگت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں،محمود خان وزیر کھیل خیبرپختونخوا

جمعرات 12 مئی 2016 16:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) خیبرپختونخواکے وزیر کھیل ،ثقافت ،آثارقدیمہ اورامور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ان کے حلقہ پی کے ۔84 میں 16 کروڑ روپے کی خطیر رقوم سے بجلی کی سہولیات فراہم کرکے عوام کو مشکلات سے چھٹکارا دلایا گیاہے جبکہ بیدرہ سمبٹ فیڈر پر بھی تعمیراتی کام جاری ہے جس سے علاقہ خوازہ خیلہ فیڈر سے دوسرے علاقے علیحدہ ہوجائیں گے۔

اس کے علاوہ دروشخیلہ اشاڑی فیڈر اوردارمئی سخرہ فیڈر پر بھی کام مکمل ہوچکاہے اوریہ علاقے شین اورفتح پورفیڈر سے علیحدہ ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ان فیڈر سے علاقے میں کم وولٹیج اوراورلوڈنگ کاخاتمہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ1 ارب روپے کے لاگت سے پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ علاقے کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ماضی کی محرومیون کاازالہ کیاجارہاہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاورمیں تحصیل مٹہ سوات کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد نے صوبائی وزیر کو اپنے درپیش مسائل ومشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کو درپیش تمام مشکلات کاازالہ کرنے کے لئے عملی طورپر اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے علاقے کی تعمیر وترقی پر کوئی توجہ نہیں دی اور علاقے کے عوام گوناگومسائل میں مبتلاتھے ۔مگر اس کے برعکس پی ٹی آئی حکومت نے صوبے کے پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کیے گئے علاقوں کو ترجیح بنیادوں پر ترقی دی تاکہ ان علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو بھی دورجدیدکی تمام سہولیات فراہم ہوسکے ہیں۔