نثار مورائی کی گرفتاری کو 2ماہ مکمل ہونے کے باوجود جے آئی ٹی نہیں ہوسکی

جمعرات 12 مئی 2016 16:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) سابق چیئرمین فشرمین کوآپریٹوسوسائٹی نثار مورائی کی گرفتاری کو دو ماہ مکمل ہوگئے ہیں تاہم کی عدالتی احکامات کے باوجود ملزم کی جے آئی ٹی نہیں ہو سکی ہے ۔ذرائع کے مطابق رینجرز نے نثار مورائی کو 11 مارچ کو گرفتار کر کے 90 روزہ ریمانڈ حاصل کیا تھا۔نثار مورائی پر منی لانڈرنگ،دہشت گردی اور لیاری گینگ وار سے رابطے اورزمینوں پر قبضے سمیت دیگر سنگین الزامات ہیں ۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 15 روز میں جے آئی ٹی مکمل کرنے کے احکامات دیئے تھے تاہم اب تک رینجرز اور پولیس میں جے آئی ٹی کے سربراہ کی تقرری پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے نثار مورائی سے تفتیش کا عمل تعطل کا شکار ہے ۔دوسری جانب فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں بے ضابطگیوں کی رپورٹس پر نیب نے تحقیقات شروع کردی ہیں ، اس سلسلے میں نیب حکام نے فشری کا دورہ بھی کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کراچی فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے موجودہ اور گذشتہ 10 سال کے دوران اہم عہدوں پر تعینات رہنے والے افراد کے بارے میں چھان بین شروع کی گئی ہیں۔ ان کے خلاف ابتدائی تحقیقات میں کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کراچی فشرمین سوسائٹی کے وسائل کے سیاسی، مذہبی، لسانی اور دیگر جماعتوں کے ایما پر بے دریغ لوٹا گیا، اس معاملے میں تحقیقات کے دوران موجودہ دنوں میں بھی فشری سے ماہانہ کروڑوں روپے کی لوٹ مار کی رپورٹس سامنے آئی آئی ہیں۔فشری میں کام کے طریقہ کار اور دیگر معاملات کی جان کاری کے لئے نیب حکام نے جمعرات کو فشری کا دورہ بھی کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :