2018 ء تک دیہی عوام کو تعلیم و صحت سمیت دیگر سہولتیں میسر ہوں گی ‘ رانا محمد ارشد

جمعرات 12 مئی 2016 16:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن و کلچر رانا محمد ارشدنے کہا ہے کہ خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں آئندہ تین سالوں کے دوران 50ارب روپے سے دیہی سڑکوں کی کارپٹ تعمیرسے پائیدار ترقی کے نئے راستے کھلیں گے جس سے نہ صرف معاشی انقلاب برپا ہوگا بلکہ دیہاتوں میں بسنے والوں کو تعلیم وصحت کی جدید اورمعیاری سہولتوں تک آسان رسائی میسر آئے گی،خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 15ارب کی لاگت سے دوہزار کلومیٹر سے زائددیہی سڑکوں کی کارپٹنگ تعمیر کی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی 15ارب روپے کی لاگت سے 18سو کلومیٹر سے زائد طویل سڑکوں کی تعمیرکے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جن کی بدولت دیہات آسان راستوں کے ذریعے شہروں سے منسلک ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق جدید ترقی کے ثمرات دیہات تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اوردیہی سڑکوں کی تعمیروکشادگی کا یہ منصوبہ آئندہ تین سالوں میں پنجاب کی تقدیر بدل دے گا جس کے دیہی عوام کی ترقی وخوشحالی پر واضح اثرات مرتب ہونگے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ شہروں کی طرح دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی ایک وسیع منصوبے کا بھی آغازکیا جارہا ہے اور وعدہ کے مطابق 2018ء تک دیہی عوام کو بھی تعلیم،صحت،مواصلات،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات ان کی دہلیز پر دستیاب ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کارپٹ ہونیوالی دیہی سڑکوں میں سے ان کے حلقہ کی یہ سڑک لمبائی میں سب سے زیادہ ہے جس سے 16سے زیادہ دیہات کے سوالاکھ سے زائد مکینوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار دیہات کی ترقی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کا سہرا محمدشہبازشریف کے سر ہے جو صوبہ کو ترقیاتی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کووزیراعلیٰ کا دیہات دوست منصوبہ قرار دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کے فیزون کے تحت ایک ارب روپے کی لاگت سے 135کلومیٹر8سڑکوں کی تعمیر وکشادگی کامنصوبہ مکمل کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی ایک ارب روپے سے 105کلومیٹر طویل 8سڑکوں کی کارپٹنگ کاآغاز ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں شہری ترقی کے ساتھ ساتھ دیہی عوام کوبنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :