پاکستان، اقوام متحدہ ا ور اقوام عالم کشمیریوں کے حق خودارادیت پر یقین رکھتے ہیں اور کشمیر کا واحد حل ہی یہی ہے،حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتی ہے،

سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق کا انسٹیٹیوٹ برائے سٹریٹجک اسٹڈیز کے سیمینار سے خطاب

جمعرات 12 مئی 2016 15:30

اسلام آباد ۔ 12 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء) حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے حل چاہتی ہے، اقوام عالم کے اہم فورم پر پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو بنیادی ایشو کے طور پر اٹھایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ گیا گذرا نہیں اور اقوام متحدہ نے اس حوالے سے23 اہم اور جامع قراردادیں بھی پاس کی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے انسٹیٹیوٹ برائے سٹریٹجک اسٹڈیز میں منعقد ہونے والے سیمینار بعنوان ”انسانی حقوق یوتھ اور کشمیر ایشو“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، عالمی برادری نے پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

استنبول میں منعقد ہونے والی او آئی سی کانفرنس میں تمام ممالک نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی ہے اور کسی بھی ملک نے مخالفت نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں اور بے شمار تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ پاکستان کا قیام بھی مشکل سے عمل میں آیا،ہندوؤں اور انگریزوں کی سخت مخالفت کے باوجود پاکستان دنیا کے نقشے پر آگیا ا ور خیال گیا کہ کہ یہ ملک جلد ٹوٹ جائے گا مگر الله کی رحمت سے آج بھی قائم و دائم ہے اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی حاصل کرنے کیلئے بڑی جدوجہد اور قربانیاں دینی پڑتی ہیں، کشمیری عوام نے نہ صرف بھرپور جدوجہد کی ہے بلکہ بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں۔ بھارت نے اگر اپنے آئین میں ترمیم کی تھی تو اس کا اثر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر نہیں پڑا۔ پاکستان، اقوام متحدہ ا ور اقوام عالم کشمیریوں کے حق خودارادیت پر یقین رکھتے ہیں اور کشمیر کا واحد حل ہی یہی ہے۔

کشمیر کے راجہ نے لارڈ ماؤنٹ بیٹن کو جو خط لکھا تھا وہ شورش پر قابو پانے کیلئے مدد مانگی تھی، خود مختاری کا سودا نہیں کیا تھا جس کو بین الاقوامی برادری نے بھی تسلیم کیا ہے اور بھارت کے وزیراعظم راجیو گاندھی نے اقوام متحدہ میں صحافی کے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی رائے کے مطابق حل کیا جائے گا۔ وہ ویڈیوآج بھی پاکستان کے خارجہ امور کے دفتر میں موجود ہے جو میں نے فراہم کی تھی۔ دنیا میں قائم ہمارے سفارت خانوں کو مسئلہ کشمیر کو موثر طور پر اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ عالمی برادری بھارت پر زور ڈال سکے۔