ڈاکٹر عمران فاروق قتل، گرفتار ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی کو کیس کی نقول فراہم کرنے کے احکامات

جمعرات 12 مئی 2016 15:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مئی۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کرتے ہوئے گرفتار ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی کو کیس کی نقول فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے،کیس کی سماعت 25مئی تک ملتوی کر دی گئی،آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، دوسری طرف ملزم معظم علی نے جیل ٹرائل اورمقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کوخلاف قانون قرار دیتے ہوئے کیس سیشن کورٹ میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

جمعرات کو ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزمان کا جیل ٹرائل شروع کرتے ہوئے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے کی۔

(جاری ہے)

عدالت کی طرف سے ملزمان کو کیس کی نقول فراہم کرنے کیلئے ایف آئی اے کو احکامات جاری کئے گئے جبکہ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے مقدمے سے متعلق مزید دستاویزی ثبوت عدالت میں جمع کروائے،۔

عدالت نے کیس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو ڈیتھ سرٹیفکیٹ سمیت ضروری دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ عدالت آئندہ سماعت پر گرفتار ملزمان معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی پر فرد جرم عائد کرے گی۔ دوسری طرف ملزم معظم علی نے کیس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے سیشن کورٹ منتقل کرنے کی درخواست دائر کی جس میں جیل ٹرائل اور انسداد دہشت گردی کی عدالت کے دائرہ کار کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقدمے سے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی درخواست خارج کی جائے اور یہ مقدمہ سول کورٹ کو منتقل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :