وزیراعظم کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے،خطاب بارے انتظامات مکمل

جمعرات 12 مئی 2016 15:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مئی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم کے خطاب کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، حکومتی وزراء اور اراکین کواپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی، وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان اور خواجہ محمد آصف بھی اجلاس سے خطاب کریں گے،ہنگامہ آرائی اورتصادم کی کیفیت سے بچنے کیلئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار اپوزیشن سے رابطے میں ہیں،وزیراعظم اپنے خطاب میں اپوزیشن کو جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرزمشترکہ طور پر بنانے کی دعوت دیں گے، اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ایوان کا ماحول خراب کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف پانامہ لیکس کے معاملے پر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کیلئے جمعہ کو ایوان میں آئیں گے اور تفصیلی خطاب کریں گے، جس میں اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کریں گے جبکہ پانامہ لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرزکو دوبارہ مرتب کرنے کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیں گے، وزیراعظم نواز شریف کی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت اور خطا ب کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں حکومتی وزراء، اراکین اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے اراکین کو ایوان میں بھرپور حاضری یقینی بنانے کا کہا گیا ہے تا کہ اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی اور ایوان کا ماحول خراب کرنے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی وزیراعظم نواز شریف کے خطاب پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، ایوان میں موجود اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار مسلسل رابطے میں ہیں تا کہ وزیراعظم نواز شریف کی آمد کے موقع پر ایوان کا ماحول خراب نہ ہوسکے۔وزیراعظم جمہوریت کی بقاء اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے تمام جماعتوں کو متحد ہو کرسازشوں کا مقابلہ کرنے کا کہیں گے۔