ضلع میرپورمیں مویشیوں اور بھیڑ بکریوں میں حفاظتی ٹیکہ جات مہم کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات 12 مئی 2016 14:58

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء)معاون ناظم اینمل ہیلتھ /وٹرنری سروسزضلع میرپور ڈاکٹرمحمدزبیرجرال نے کہاہے کہ ناظم اعلیٰ امورحیوانات ڈاکٹر راجہ مطلوب حسین کی ہدایت پر ضلع میرپورمیں مویشیوں اور بھیڑ بکریوں میں حفاظتی ٹیکہ جات مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے وٹرنری آفیسران ضلع میرپور کو حفاظتی ٹیکہ جات کمپن کا سرکل انچاج مقرر کیا گیا ہے ۔

عملہ سرکل مہم کی شکل میں گھرگھر حفاظتی ٹیکہ جات مویشیوں میں کررہے ہیں۔ سرکل انچارج اپنے سرکل کی نگرانی کریں گے جبکہ مجموعی طورپر حفاظتی ٹیکہ جات مہم کی نگرانی راقم خود کرے گا۔ اس بارے میں کسان بھائیوں سے گزارش ہے کہ وہ حفاظتی ٹیکہ جات مہم پرتعینات عملہ سے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اپنے جانوروں کو متعدی امراض از قسم گل گھوٹو، انتڑیوں کا زرہ اور چوڑے مارسے محفوظ کرنے کے لیے کورس کروائیں۔

(جاری ہے)

حفاظتی ٹیکہ جات وبائی امراض کو کنٹرول کرنے کا موثر ذریعہ ہیں ۔ حفاظتی ٹیکہ جات کے لیے محکمہ کی جانب سے مہیا کی جانے والی ویکیسن مستند ادارہ سے حاصل کرتے ہوئے کی جارہی ہے۔ اس بارہ میں غیر معیاری اور پرائیویٹ طور پر گمراہ کرنے والوں سے اجتناب کیاجائے۔ حفاظتی ٹیکہ جات مہم کو بروقت مکمل کیاجائے گاجبکہ عملہ امورحیوانات بھرپورطریقے سے کام کررہاہے کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی دفتر سے رابطہ کیاجائے۔ شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔