آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے مہاجرین کی ووٹر فہرستوں میں درستگی کیلئے الیکشن کمیشن کو 15دن کا وقت دیدیا

چیف الیکشن کمشنر کیساتھ ہمہ وقت رابطہ میں رہنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل

جمعرات 12 مئی 2016 14:57

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر مہاجرین کی ووٹر فہرستوں میں درستگی کے لیے الیکشن کمیشن سے 10سے15دن کا وقت دینے کا مطالبہ کیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ہمہ وقت رابطہ میں رہے گی تاکہ صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔

کمیٹی میں حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر،وزیر قانون اظہر گیلانی،مسلم لیگ(ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی، تحریک انصاف کے خواجہ فاروق احمد، جماعت اسلامی کے شیخ عقیل الرحمن،ایم کیو ایم کے طاہر کھوکھراور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے زاہد حسین شامل ہونگے۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں تاکہ جمہوری طریقے سے انتقال اقتدار ممکن بنایا جاسکے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان وزیر اعظم میں وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر،جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی،مسلم لیگ(ن) کے ممبر اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی،تحریک انصاف کے خواجہ فاروق احمد،ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر، جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے زاہد حسین، شیخ عقیل الرحمن،قاضی شاہد حمید اور جمعیت اہلحدیٹ کے محی الدین اصغری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ الیکشن رولز میں انتخابی فہرستوں کی تیار ی اور درستگی کے عمل کے لیے 30دن کی مدت درکار ہے تاہم مہاجرین کی انتخابی فہرستوں میں درستگی کے عمل کے لیے 2دن کا وقت دیا گیا ہے جس میں یہ کام ممکن نہیں ہے۔ جسکی وجہ سے آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ مہاجرین کی انتخابی فہرستوں میں درستگی کے لیے مزید وقت دیا جانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کر یں گے کل کو یہی لوگ استصواب رائے اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھی اپنا ووٹ دیں گے ۔اس وجہ سے ضروری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ووٹر فہرستوں کی تیاری میں کوئی بھی ایسا شخص رہ نہ جائے جو حق رائے دہی استعمال کرنے کے معیار پر پورا اترتا ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدکے شکر گزار ہیں جنہوں نے سیاسی رواداری کا ثبوت دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن سے مشاورت کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزادکشمیر میں انتخابات کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالنا چاہتے بلکہ ہماری خواہش ہے کہ آزادکشمیر میں فوج کی نگرانی میں آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہو۔کیونکہ صاف شفاف انتخابات کے انعقاد سے لائن آف کنٹرول کے اُس پار مقبوضہ کشمیرمیں بھی مثبت پیغام جائیگاکیونکہ یہی انتخابات کل حق خودارادیت کے حصول تک پہنچنے کی بنیاد ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کے شکرگزار ہیں جنہوں نے 4لاکھ جعلی ووٹ ختم کروائے تاکہ شفاف جمہوری عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔اس سارے عمل میں الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کیا جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں الیکشن کمیشن ہمہ وقتی کام کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں آخری وقت میں آکر الیکشن کمیشن فعال ہوتا ہے جس کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں انتخابی اتحاد بنتے ہیں اور انتخابات کے دوران یا انتخابات کے بعد کسی بھی انتخابی اتحاد کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ الیکشن رولز اور آرڈیننس میں اسمبلی سے ترامیم کروانا موجودہ حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کا کارنامہ ہے۔

جس کی وجہ سے بہتر سسٹم بننے جا رہا ہے اور صاف شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ہم نے سیاسی رواداری کاثبوت دیا ہے اور ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کریں گے۔تحریک انصاف کے رہنما خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن پر مکمل اعتماد ۔ کوآڈینیشن کمیٹی بنانے کا مقصد الیکشن کمیشن کے ساتھ بروقت اور موثر رابطہ ہے تاکہ پرامن طریقے سے انتقال اقتدار ممکن بنایا جاسکے۔اس موقع پر بنگلہ دیشن میں شہید کیے گئے جماعت اسلامی کے رہنما مطیع اللہ نظامی اور سابق وزیر کرنل(ر) محمد نسیم خان کے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :