حکومت اقتصادی بحالی،ماس ٹرانزٹ سسٹم اور عوامی فلاحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے،حکومت کی آزادانہ پالیسیوں کے باعث کئی دوست ممالک سے سرمایہ کار پاکستانی کمپنیوں اورکاروباری اداروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں،

صدرمملکت ممنون حسین کا لاہور چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری اچیومنٹ ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 مئی 2016 14:43

اسلام آباد ۔ 12 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت اقتصادی بحالی کیلئے کوششوں کے ساتھ ساتھ ماس ٹرانزٹ سسٹم اور صحت و تعلیم کے شعبوں سمیت عوامی فلاحی منصوبہ جات پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ شب ایوان صدر میں لاہور چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری اچیومنٹ ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اوراسلام آباد میں میٹرو بس سروس کی تکمیل کے بعد ملتان اورکراچی میں بھی نئے ماس ٹرانزٹ منصوبہ جات پرکام جاری ہے۔ صدرنے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ملک میں صورتحال بہتر ہورہی ہے ، آنے والے دنوں میں اس میں مزید بہتری آئے گی۔ صدر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے فعال ہونے سے پاکستان میں وسیع تر غیرملکی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو تقویت ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں دہشت گردی اور امن وامان کی صورتحال بیرونی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں بڑی رکاوٹ رہی ہیں لیکن اب قومی لائحہ عمل کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات کی بناء پر دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ بہتر صورتحال اور حکومت کی آزادانہ پالیسیوں کے باعث کئی دوست ممالک سے سرمایہ کار پاکستانی کمپنیوں اورکاروباری اداروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری شخصیات کو اس صورتحال سے استفادہ کرنا چاہئے اور وسطی ایشیاء، افریقہ، مشرق بعید اور لاطینی امریکا میں نئی منڈیاں تلاش کرنی چاہئیں، جیسا کہ ان خطوں کی حکومتیں اورنجی شعبے پاکستان کے ساتھ وسیع تر کاروباری روابط کے خواہاں ہیں۔ صدر نے کہا کہ حکومت بھی اس ضمن میں ایک جامع پالیسی وضع کررہی ہے ، صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کو اس سے استفادہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے میں بجلی کی قلت بھی ایک بڑی رکاوٹ تھی لیکن حکومت اس چیلنج سے بھی کسی حد تک نبردآزما ہونے میں کامیاب رہی ہے جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔ صدر نے نجی شعبے پر زوردیا کہ وہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں تاکہ بجلی کی ترسیل کو ملک بھرمیں یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے ایل سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ2016ء حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ملکی معیشت میں لاہور کے کاروباری افراد کے موثر کردار کی تعریف کی ۔ اس موقع پر صدر نے لاہور سے منتخب کاروباری افراد میں اچیومنٹ ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ لاہور چیمبرکے صدر محمد ارشد اورسینئر نائب صدر الماس حیدر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :