امریکیوں سے ذاتی مراسم نہیں،امریکی ‘افغان فورسز نے مشترکہ آپریشن میں خود علی حیدر گیلانی کوبازیاب کرایا ‘ یوسف رضا گیلانی

جمعرات 12 مئی 2016 14:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میرے امریکیوں سے ذاتی مراسم نہیں،امریکی اورافغان فورسز نے مشترکہ آپریشن میں خود علی حیدر گیلانی بازیاب کرایا ،پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن مشترکہ موقف اپنا رہی ہے ۔ اغوا ء کاروں سے بازیاب ہونے والے اپنے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے بیٹے کی بحفاظت بازیابی کسی معجزے سے کم نہیں ۔

بیٹے کی بازیابی کیلئے دعائیں کرنے والوں کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خبر آئی ہے اس وقت سے مبارکبادوں کے پیغامات اور لوگ کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے میں ان تمام لوگوں کا بیحد مشکور ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے امریکی فورسز کے آپریشن کے سوال کے جواب میں کہا کہ میرے امریکیوں کے ساتھ ذاتی مراسم نہیں ۔

صرف بطور وزیر اعظم ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں۔ امریکی اورافغان فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا اور اس میں علی حیدر گیلانی کی بازیابی ممکن ہوئی ہے اور میں اس پر ان کا خاص طو رپر شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قید کے دوران علی حیدر گیلانی نے جو صفحات لکھے تھے انہیں اغواء کاروں نے جلا دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میرے خلاف کئی مقدمات بنا دئیے گئے ہیں لیکن میں عدالتوں کا سامنا کروں گا کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، بیٹے کی گھر واپسی کے موقع پر بھی موجود نہ ہونا اس کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے پانامہ لیکس کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے اپوزیشن مشترکہ موقف اپنا رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں بھی اپنا موقف دے گی ۔