رضاکاروں کی خدمات عوام کے لیے مشعل راہ ہیں، احسان الله وقاص

جمعرات 12 مئی 2016 13:38

پشاور۔12 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں سابق ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سید احسان الله وقاص نے الخدمت ہاؤس پشاور میں نومنتخب صوبائی صدر خالد وقاص سے ملاقات کی اور صوبہ بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت جاری فلاحی سرگرمیوں اور منصوبہ جات سے متعلق تبادلہ خیال کیا‘ ملاقات کے دوران سید احسان الله وقاص نے صوبہ خیبرپختونخوا کے طول وعرض میں گزشتہ ڈیڑھ عشرے کے دوران الخدمت کے رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا میں زلزلہ‘ سیلاب‘ قدرتی سانحات اور بم دھماکوں کے مواقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی لازوال قربانیاں پورے پاکستان کے لیے مشعل راہ ہیں۔