کشمیری کونسل یورپی یونین کی کشمیریوں کے حق خود ارادیت بارے دستخطی مہم زور و شور سے جاری

ہنگری، سلواکیہ اور آسٹریا میں بھی دستخطی مہم انتہائی کامیاب رہی ہے، علی رضا سید

جمعرات 12 مئی 2016 13:13

برسلز ۔ 12 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء) کشمیر کونسل یورپی یونین نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے وسطی یورپ میں اپنی دستخطی مہم کے آخری مرحلے میں ویانامیں کیمپ لگایاجس میں بڑی تعدادمیں لوگوں نے حصہ لیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کشمیری کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وسطی یورپ کے تین ملکوں ہنگری، سلواکیہ اور آسٹریا میں تین روزہ دستخطی مہم انتہائی کامیاب رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دودن ہنگری اور سلواکیہ میں قیام کے بعد منگل کی شام کو کشمیرکونسل یورپ کی ٹیم آسٹریا پہنچی اور دارالحکومت ویانا میں ایک روزہ کیمپ لگایاگیا۔ علی رضا سید نے کہا کہ بڈاپسٹ اوربراٹیسلاواکی طرح ویانا میں بھی مہم بڑی کامیاب رہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ تین روزہ مہم کشمیرکونسل یورپی یونین کی ایک ملین دستخطی مہم کا حصہ ہے جو ایک عرصے سے یورپ میں جاری ہے ۔

علی رضا سید نے کہا کہ یہ مہم بلجیم سے شروع ہوئی تھی اور اب تک برطانیہ، ہالینڈ، ناروے ،سویڈن وغیرہ میں کیمپ لگائے گئے ہیں اور اس مہم کو یورپی ممالک میں مقامی این جی اوز اور سماجی کارکنوں کی معاونت بھی حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان او ریونیورسٹیوں کے طلباء دستخطی مہم میں بڑھ چرھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دستخطی مہم کے دوران لوگوں میں کشمیرکے حوالے سے بروشرز ، معلوماتی پمفلٹس اور”کشمیرفری“ کے نعرے والی ٹی شرٹس بھی تقسیم کیے جاتے ہیں۔

علی رضاسیدنے کہا کہ ایک ملین دستخطی مہم کا مقصد یورپ بھر میں دس لاکھ لوگوں کے دستخط حاصل کر کے اس دستخطی دستاویز کو پورپی پارلیمنٹ میں پیش کرنا ہے ۔ علی رضا سید نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے اور کشمیرکو حق خود ارادیت دالنے کے لیے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :