کراچی ،مختلف علاقوں میں فائرنگ، 7 افراد زخمی، 2 دہشتگرد گرفتار

جمعرات 12 مئی 2016 11:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مئی۔2016ء ) کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارروائیاں جاری ، سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا جبکہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں تبلیغی جماعت کے چار کارکن سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔ سپر ہائی وے پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے ان سے شہر میں حالیہ ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب فیڈرل بی ایریا میں تبلیغی جماعت کے کارکنان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چار افراد ذخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں عبدالحمید، محمد یامین، مشتاق اور چاند محمد شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو تھی اور وہ موٹر سائیکل پر سوار تھے، جبکہ حملے میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے پانچ خول برامد کرکے تحقیقات شروع کردیں ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ملیر کے علاقے میں فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ سہراب گوٹھ میں الآصف اسکوائر کے قریب ہونیوالی فائرنگ میں بھی ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنیوالے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :