اسلام آباد ہائی کورٹ نے مارگلہ ویو ہاؤسنگ سکیم میں لے آؤٹ کی خلاف ورزیوں کو غیر قانونی قرار دیدیا

بدھ 11 مئی 2016 22:41

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مئی۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر D-17/2 کے رہائشیوں کی درخواست منظور کرتے ہوئے مارگلہ ویو ہاؤسنگ سکیم میں لے آؤٹ کی خلاف ورزیوں کو غیر قانونی قرار دیدیا ہے اور سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ سکیم میں ہونیوالی خلاف ورزیوں کا موقع پر معائنہ کر کے ایک ماہ میں جامع رپورٹ رجسٹرار ہائی کورٹ کو پیش کی جائے اور بتایا جائے کہ سی ڈی اے نے لے آؤٹ کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کیا کارروائی کی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مذکورہ فیصلہ اسلام آباد کے سیکٹر D-17/2 کے رہائشیوں نبی احمد وغیرہ کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سی ڈی اے نے 1995ء میں مارگلہ ویو ہاؤسنگ سکیم کے لے آؤٹ کی منظوری دی لیکن بعد میں محض مالی فوائد کے لئے بغیر اجازت لے آؤٹ میں تبدیلیاں کر کے گرین ایریاز کو تجارتی اور رہائشی پلاٹوں میں تبدیل کر دیا گیا ، مسجد اور واٹر ٹینک کی جگہ بدل دی گئی حتیٰ کہ بی بلاک گلی 21 میں مختص چلڈرن پارک کو بھی پلاٹوں میں تبدیل کر دیا گیا۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فاضل عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے مذکورہ احکامات جاری کر دیئے۔

متعلقہ عنوان :