وفاقی حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور معیشت کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، اپو زیشن نان ایشوز پر عوام کو گمراہ کر کے ملکی ترقی کا پہیہ روکنا چاہتے ہیں،بی آئی ایس پی میں سیاسی مداخلت مکمل طور پر ختم کی جاری ہے ،خالص میرٹ کی بنیاد پر غریبوں اور مستحق لوگوں کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماوری میمن کا بی آئی ایس پی کے5 سال مکمل ہونے اور نئے پر وگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

بدھ 11 مئی 2016 22:27

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مئی۔2016ء ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماوری میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت عوام کے بنیادی مسائل اور مشکلات کے ساتھ ساتھ معیشت کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ اپو زیشن نان ایشوز پر عوام کو مس گائیڈ کر کے ملکی ترقی کا پہیہ روکنا چاہتے ہیں۔

بی آئی ایس پی میں سیاسی مداخلت مکمل طور پر ختم کی جاری ہے اور خالص میرٹ کی بنیاد پر غریبوں اور مستحق لوگوں کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے ۔ وہ بدھ کوچارسدہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پانچ سال مکمل ہونے اور نئے پر وگرام کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔ اس موقع پر بی آئی ایس پی کے ڈی جی عرفان امان یوسفزئی ، ڈ ویژنل ڈائریکٹر نسیم خان عباسی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فضیل،اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقار خان ،ڈسٹرکٹ سپر وائزر شاہ روم خان مہمند ،اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ماروی میمن نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ 2008میں پیپلز پارٹی کے حکومت نے سیاسی بنیادوں پر بی آئی ایس پی فارم ارکان پارلیمنٹ اور جیالوں کے ذریعے تقسیم کئے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں حق دار بی آئی ایس پی کی مالی مدد سے محروم رہ گئے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حکم کے مطابق بی آئی ایس پی میں سیاسی مداخلت مکمل طور پر ختم کی جا رہی ہے اور کسی مسلم لیگی عہدیدار کے ذریعے فارمز تک تقسیم نہیں ہونگے بلکہ بی آئی ایس پی کا عملہ گھر گھر سروے کرکے رجسٹریشن یقینی بنائے گی اور غلط رجسٹریشن اور متاثرہ شہریوں کی شکایات کیلئے ٹول فری نمبر دیا جائیگا جس کو وہ براہ راست ہینڈل کریگی ۔

انہوں نے کہاکہ 2016میں بی آئی ایس پی کا نیا نظام وضع کر نے کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ملک بھر سے 16اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں خیبر پختون خواہ کے تین اضلاع چارسدہ ، کرک اور ہری پور شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بی آئی ایس پی کے تحت اب تمام ادائیگیاں فنگر پرنٹس سے ہو گی جس سے خرد برد کا خاتمہ ہو جائیگا۔ وفاقی وزیر ماروی میمن نے مزید کہا کہ اپو زیشن ملک کی ترقی کا پہیہ روکناچاہتی ہے اور نان ایشوز میں الجھ کر قوم کو مس گائیڈ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت عوام کے بنیادی مسائل اور مشکلات ختم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے ۔