صوبے میں کافی حد تک امن قائم ہوچکا ہے، بریگیڈئیر ارشد محمود

ایف سی بلوچستان میں نہ صرف امن و امان بلکہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بھی کام کر رہی ہے،سیکٹر کمانڈر نارتھ

بدھ 11 مئی 2016 21:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈئیر ارشدمحمود نے کہا ہے کہ صوبے میں کافی حد تک امن قائم ہوچکا ہے ایف سی بلوچستان میں نہ صرف امن و امان بلکہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بھی کام کر رہی ہے ایف سی کے زیراہتمام تعلیم اور صحت کے شعبے میں خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں شہید پائند خان کی بیوہ کیلئے مکان تعمیر کرکے کمانڈرسدرن کمانڈ اورآئی جی ایف سی نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے کلی حرمزئی پشین میں شہید پائند خان کے لواحقین کیلئے بنائے گئے مکان کی چابیاں ورثاء کے حوالے کرنے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر کمانڈنٹ قلعہ سیف اﷲ سکاؤٹس کرنل حسن ظہیر بھی موجود تھے۔ بریگیڈئیر ارشد محمود نے کہا کہ شہید کا کوئی نعم البدل نہیں ہے لیکن ایف سی شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اورانکی ہرممکن مدد کر رہی ہے عیدالفطر پر کمانڈر سدرن کمانڈ جب پائند خان کے گھر آئے تھے توانکی بیوہ نے ان سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کیلئے مکان تعمیر کیا جائے جس پر آئی جی ایف سی نے کمانڈنٹ قلعہ سیف اﷲ کو ٹاسک دیا اور ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی لاگت سے پائند خان کی بیوہ کیلئے گھر تعمیر کیا گیا ہے جبکہ انکے بڑے بیٹے کو مسلم باغ میں ایف سی کے زیراہتمام سکول میں تعلیم دی جائے گی اورانکے چھوٹے بہن بھائیوں کو پشین کے سکول میں تعلیم دی جائے گی جس کے تمام اخراجات ایف سی بلوچستان اٹھائے گی اسکے علاوہ انکے ورثاء کو ماہانہ خرچ اور راشن بھی دیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف سی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے صوبہ بلوچستان میں ایف سی کے زیراہتمام 52اسکول چلائے جارہے ہیں جن میں 16800بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ 2500کے قریب طلباء کو مفت تعلیم اور وظیفہ دیا جارہا ہے 118بچوں کو ملک کے مختلف حصوں میں اعلیٰ تعلیم دلائی جارہی ہے جس کے اخراجات ایف سی بلو چستان برداشت کرہی ہے ایف سی کے زیرانتظام چلنے والے 10ہاسٹلز میں 773بچے رہائش پذیر ہیں جبکہ صوبے بھر میں سات مزید سکول تعمیر کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے لئے ایف سی نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ایف سی کے 674اہلکارعوام کے جان و مال کی حفاظت میں شہید ہوئے جبکہ 1862زخمی ہوئے ہیں عوام کے تعاون سے آج شدت پسندوں کو شکست دینے میں کامیاب ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی روایت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہرکور میں لیڈی سرچر کو تعینات کیا گیا ہے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹیلی فون نمبرز بھی مختص کئے گئے ہیں صوبے میں عوام کے تعاون سے کافی حد تک امن قائم ہوچکا ہے اور انشاء اﷲ بلوچستان دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کریگا ۔