بلوچستان میں بھائی سے بھائی کو لڑانے کی ہر سازش ناکام بنادی گئی ،میجر جنر شیر افگن

عوام کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور اعتماد ہی ہماری کامیابی کاضامن ہے، آئی جی ایف سی

بدھ 11 مئی 2016 21:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے کہا ہے کہ صوبے میں بھائی سے بھائی کو لڑانے کی ہر سازش ناکام بنادی گئی ہے بلوچستا ن ہم سب کا گھر ہے سب مل کر اس کی تعمیر کریں گے، عوام کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور اعتماد ہی ہماری کامیابی کاضامن ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئرطاہر محمود نے وفد کو بلوچستان کے حالات اور فرنٹیئر کور بلوچستان کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان اپنی بنیادی ذمہ داریوں یعنی افغانستان اور ایران کے ساتھ پاکستان کے سرحد کی نگرانی کے علاوہ اسلحہ ،منشیات اورانسانوں کی غیرقانونی نقل وحمل کو روکنے اور امن وامان کے قیام میں صوبائی حکومت کی مدد ،قومی اثاثوں،ترقیاتی منصوبوں اور اہم تنصیبات کی حفاظت کو بطریق احسن پورا کر رہی ہے تعلیم ، صحت اور عوام کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں بھی ایف سی بلوچستان قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے، عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کے ساتھ روابط کو مضبوط کرنا ایف سی کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

فرنٹیئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام51اسکولز اور07کالجز بمعہ 09ہاسٹلز دور دراز علاقوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں اسکے علاوہ صوبے میں زلزلہ اور سیلاب جیسے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں بھی فرنٹیئر کور ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔اس موقع پر آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان کی بحالی ،تعلیمی ترقی اورطبی سہولتوں کی فراہمی ایف سی کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔

گوادر کی ترقی اور اقتصادی رہداری منصوبہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک نئے دورکا آغازثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں بھائی سے بھائی کو لڑانے کی ہر سازش ناکام بنادی گئی ہے۔بلوچستا ن ہم سب کا گھر ہے سب مل کر اس کی تعمیر کریں گے۔ عوام کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور اعتماد ہی ہماری کامیابی کاضامن ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف سی بلوچستان عوام اور دیگر اداروں کے تعا ون سے صوبے کو پُر امن اور مثالی بنانے میں بھر پور کردار ادا کر تی رہے گی۔

وفد نے بلوچستان میں فرنٹیئر کور کے گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان میں امن وامان کے حالات دیکھ کہ بہت مطمئن ہوئے ہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے امکانات روشن ہیں۔آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے وفد کے ایف سی ہیڈکوارٹر کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور استد عا کی کہ وہ اپنے انفرادی حیثیت میں بلوچستان کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :