بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے بعد مسلم لیگی وزراء بوکھلاہٹ کا شکارہیں ،سینیٹر سعید غنی

بدھ 11 مئی 2016 19:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے بعد مسلم لیگی وزراء بوکھلاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں اور اس سوال کا جواب کہ سرمایہ ملک سے باہر کیسے گیا کا جواب دینے کی بجائے چور مچائے شور پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نانا اور والدہ خود تاریخ ہیں۔

وفاقی اور پنجاب کے وزراء کو چاہیے کہ اخلاقیات کا سبق پڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہباز شریف جیسی زبان نہیں بولتے۔ نواز شریف کی کابینہ میں ایسے لوگ بیٹھے ہیں جو جنرل مشرف کے چہیتے رہے ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا نام سن کر کس کا خون کھولتا تھا، عوام کو اچھی طرح یاد ہے۔