ملک بھر کے علمی وسماجی حلقوں کاپیپس کے نئے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی تقرری کا خیرمقدم

بدھ 11 مئی 2016 18:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مئی۔2016ء)ملک بھر کے علمی وسماجی حلقوں نے پاکستان انسٹیٹیوٹ برائے پارلیمانی سروسز(پیپس)کے نئے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے ظفراﷲ خان کو مبارک باد دی ہے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں پیپس کے گورننگ بورڈ نے گزشتہ روز ممتاز آئینی ماہر ظفراﷲ خان کی بطور ایگزیکیٹو ڈائریکٹر پیپس منظوری دی تھی۔

ظفراﷲ خان پارلیمانی جمہوریت،وفاقیت،آئین سازی اور بنیادی حقوق کے حوالے سے کئی کتابوں کے مصنف ہیں،حال ہی میں سینیٹ آف پاکستان نے ان کی بنیادی حقوق کے حوالے سے پارلیمنٹ کے کردار پر کتاب شائع کی ہے،وہ کئی بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مبارک باد دینے والوں میں چیئرمین انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سماجی علوم و وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہری پور ڈاکٹر ناصر علی خان،ریکٹر کامسٹیس انسٹیٹیوت آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی،وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی ڈاکٹر احسان علی،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور ڈاکٹر رؤف اعظم اور انٹر یونیورسٹی کنسورشیم کے نیشنل کوارڈینیٹر و قائد اعظم یونیورسٹی ایلومینائی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل مرتضیٰ نور شامل ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ظفراﷲ خان بطور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پیپس اپنی صلاحتیوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان میں پارلیمانی سروسز کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔