جی ڈی پی کے تناسب سے تعلیم پر اخراجات بڑھائے جا رہے ہیں،وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت

بدھ 11 مئی 2016 17:28

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مئی۔2016ء) وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ جی ڈی پی کے تناسب سے تعلیم پر اخراجات بڑھائے جا رہے ہیں، جیسے جیسے فنڈز دستیاب ہوں گے ان میں اضافہ کیا جائے گا۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر محسن لغاری اور الیاس بلور کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ تعلیم کا محکمہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے اور اس پر سالانہ 768 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

2012-13ء میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 42 ارب روپے تھا جسے بڑھا کر رواں سال 80 ارب روپے سے زائد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی ڈی پی کے تناسب سے تعلیم پر اخراجات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں جی ڈی پی کے چار فیصد تعلیم پر خرچ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ 2018ء تک اتنی رقم خرچ کرنے کا ہدف ہے لیکن یہ کوئی آسان کام نہیں۔ جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکنالوجی کی شرح رواں مالی سال کے دوران 12 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جیسے جیسے فنڈز دستیاب ہوں گے تعلیم کے فنڈز بھی بڑھائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :