کوئٹہ، خرم ذکی کو ملک دشمن عناصر کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزادی گئی ، راجہ ناصر عباس جعفری

بدھ 11 مئی 2016 17:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دہشت گردی کے واقعہ میں سول سوسائٹی کے رہنما اور ممتاز صحافی خرم ذکی کے قتل پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے کالعدم مذہبی جماعتوں کی کاروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خرم ذکی کو ملک دشمن تکفیری گروہ کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزادی گئی ہے۔

خرم ذکی ایک نڈر اور سچائی پسند محب وطن تھے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، حکومت امن وامان کے قیام اور عوام کو تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ کراچی میں جمعہ نماز کی ادائیگی کے بعد گھر جانے والے جامعہ کراچی کے گولڈ میڈلسٹ ہاشم رضوی کو بھی سفاک دہشتگردوں کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے قاتل تاحال نہیں پکڑے گئے۔

(جاری ہے)

علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خرم ذکی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے صحافی برادری اور سول سوسائٹی کے اراکین سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس مظلومانہ شہادت کے مرتکب دہشت گردوں کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں بیان کے آخر میں مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے عہدیداران نے بھی خرم ذکی کی شہادت کو ملک دشمن عناصر کی کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دشمنوں کے ارادے ناپاک ہے ، ہمیں ان سے کوئی خوف نہیں اور ہمیں یقین ہے کہ صحافی برادری خرم ذکی کی شہادت کے بعد بھی انکے میشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک دشمن عناصر کی حقیقت سب کے سامنے لاتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :