پاکستان سے محبت کرنیوالوں کو پھانسیوں پر پاکستانی حکمران اور میڈیا کی خاموشی ملک وملت دشمنی ہے،ہدایت الڑحمن

بدھ 11 مئی 2016 17:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ مطیع الرحمن نظامی اور دیگر سیاسی رہنماؤں کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے بلکہ متحدہ پاکستان کی حمایت کے لیے آواز اٹھائی تھی ۔ بھارتی ایما ء پرپاکستان کے خلاف زہر افشانی اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیاں دوسری طرف پاکستانی حکمران اور میڈیا کی خاموشی ملک وملت دشمنی ہے ۔

جن عدالتی فیصلوں کی بنیاد پر جناب مطیع الرحمن نظامی اور دیگر 21 افراد کو سزائیں اور 4 افراد کو پھانسی دی گئی ہے، ان فیصلوں میں سینکڑوں بار پاکستان کا نام استعمال کرکے بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔یہ امر قابل تشویش بھی ہے اور پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے براہ راست دھمکیوں کے مترادف بھی۔

(جاری ہے)

نیز بنگلہ دیش میں جاری یہ انتقامی کارروائیاں 09 اپریل 1974ء میں ہونے والے پاکستان، بنگلہ دیش اور انڈیا کے سہ فریقی معاہدہ کی واضح اور سنگین خلاف ورزی ہیں۔

جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بنگلہ دیش کے عوام نے بھاری تعداد میں ووٹ دے کر مطیع الرحمن نظامی سمیت کئی قائدین کو پارلیمنٹ کا رکن منتخب کرکے ان کو نہ صرف محب وطن قرار دیا ہے بلکہ یہ ان پر بھرپور عوامی اعتماد کا مظہر بھی ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بنگلہ دیش میں نام نہاد ٹریبونل کے ذریعے سیاسی مخالفین کو پھانسی دینے، 45 سال پرانے زخموں پر نمک پاشی کرنے اور حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ ، انصاف اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور دوست و برادر اسلامی ممالک کے تعاون سے رکوانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

بنگلہ دیشی حکومت کے فیصلے نہ صرف دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کو تباہ کرنے کا باعث بن رہے ہیں بلکہ اس سے امت مسلمہ کے اندر بھی نفرت و اختلاف کی خونی لکیر کھینچی جارہی ہے۔حکومت پاکستان بنگلہ دیش میں بدنام زمانہ جنگی ٹریبونل کے نام نہاد فیصلوں کے خلاف سفارتی کردار ادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :