ینگ ڈاکٹرسرکاری ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

ہماری پرامن جدوجہدجاری ہے جو حقوق کے حصول تک جاری رہے گی، مظاہرے سے ڈاکٹر حفیظ اوردیگر کا خطاب

بدھ 11 مئی 2016 17:22

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مطالبات کے حق میں بدھ کو ریلی نکالی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے مظاہرین سے وائی ڈی اے کے صدر ڈاکٹر حفیظ مندوخیل ،ڈاکٹر شہناز نصیربلوچ اور ہیومن رائٹس کمیشن آف بلوچستان کے طاہر حسین ایڈووکیٹ و دیگر نے خطاب کیا۔

وائی ڈی اے کے رہنماوں نے کہا کہ ہم طویل عرصے سے سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں اور ینگ ڈاکٹرز کے حقوق کیلئے پرامن جدوجہدکررہے ہیں اس دوران ہم نے اپنے فرائض بھی بخوبی انجام دیئے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اپنے حقوق کیلئے وائی ڈی اے نے ایک پرامن ریلی نکالی اس کا مقصد اسمبلی جاکر اپنے مطالبات پرمبنی یادداشت پیش کرنا تھا مگر ہماری ریلی پرجس طرح تشدد کیا گیا اسکی دنیا میں مثال نہیں ملتی ڈاکٹروں کو ماراپیٹا گیا اور سڑکوں پر گھسیٹا گیا جو پوری دنیا نے دیکھا اسکے باوجود ہم نے پروفیشنل ازم کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا مگر دوسری جانب حکومت کی جانب سے انتہائی غیر سنجیدہ رویہ اختیارکیا گیا ڈاکٹروں کے مسائل کے حوالے سے جو حکومتی کمیٹی بنائی گئی وہ ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہم سے مزید مہلت مانگی گئی جو ہم نے دیدی مگراس دوران بھی ہمارے مطالبات سے متعلق کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جب ہم اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں تو اس پر حکومت کی جانب سے خاموشی اختیار کی جاتی ہے ہمیں کہا جاتا رہا کہ پیسے کوئی درختوں پر نہیں لگتے جو توڑ کر ان سے آپ کو حقوق دیئے جائیں مگر دوسری جانب دنیا نے دیکھ لیا کہ پانی کی ٹینکوں ،پلنگوں کے نیچے اورالماریوں سے پیسے نکلے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری پرامن جدوجہدجاری ہے جو حقوق کے حصول تک جاری رہے گی چاہے اس کیلئے ہمیں کئی سال جدوجہد کرنا پڑے مگرہم اپنے حقوق سے قطعی طورپر دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ینگ ڈاکٹروں کے مطالبات تسلیم کئے جائیں دوسرے صوبوں کی طرح پیکنجز دیئے جائیں بعد ازاں مظاہرین پرامن طورپر منتشر ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :