سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی وزیراعظم کے خصوصی طیارے کے ذریعے کابل سے وطن واپس پہنچ گئے

بدھ 11 مئی 2016 17:14

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مئی۔2016ء) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی وزیراعظم کے خصوصی طیارے کے ذریعے کابل سے وطن واپس پہنچ گئے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کابل میں پاکستان کے سفیرابرار حسین نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم کا خصوصی طیارہ کابل سے علی حیدرگیلانی کو لیکر لاہور کیلئے روانہ ہو گیا ہے۔

قبل ازیں خصوصی طیارہ بدھ کو صبح نو بجے علی حیدر گیلانی کے بھائی اوروزارت خارجہ امور کے پروٹوکول سٹاف کو لیکر کابل کیلئے روانہ ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق کابل میں افغان حکام نے صبح تقریبا دس بجے افغان وزارت دفاع میں علی حیدرگیلانی کو پاکستانی سفیرابرار حسین کے حوالے کیا۔ بعدازاں انہیں لاہور جانے کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ائرپورٹ لے جایا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت نے علی حیدرگیلانی کی محفوظ بازیابی اور پاکستان فوری روانگی کے انتظامات کرنے پرافغانستان نیشنل آرمی اور نیٹو کی کامیاب کوششوں کو سراہا ہے۔ پاکستان نے امیدظاہر کی ہے کہ تینوں ملک مشترکہ کوششوں سے خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ کر سکتے ہیں اوردہشتگردوں کو حکومتوں کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔