سید علی گیلانی کا جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر کو زبردست خراج عقیدت ،جمعہ کو غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی اپیل

بدھ 11 مئی 2016 16:56

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس کے سید علی گیلانی نے امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش مطیع الرحمان نظامی کو پھانسی دینے پرگہرے دکھ اور رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے نماز جمعہ کے بعد دُعائے مغفرت اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بنگلہ دیش عملاً بھارت کا ایک صوبہ ہے اور عوامی لیگ کی سربراہ حسینہ واجد بھارت کی ڈکٹیشن پر اسلام پسند وں کے خلاف برسرِپیکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے لیڈروں کو اسلام اور پاکستان کے ساتھ محبت کی سزا دی جارہی ہے اور حکومت پاکستان کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف ہرممکن آواز بلند کرے اور اس سنگین مسئلے کو اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے فورم پر بھی زیر بحث لانے کی کوشش کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطیع الرحمان نظامی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دانشور تھے، جنہوں نے عمر بھرزندگی اسلام کی تبلیغ اور ایک عادلانہ نظام کے قیام کی کوشش کی ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مطیع الرحمان نظامی کی شہادت ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور یہ بنگلہ دیش میں ایک صالح انقلاب کی نوید بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور جبر کی عمر بہت لمبی نہیں ہوتی ہے اور وہ وقت دور نہیں، جب ظالم اور جابر حکمرانوں کو مکافاتِ عمل کے تحت سزا ملے گی۔سید علی گیلانی کی ہدایت پر مختلف مقامات پر امیرجماعت اسلامی بنگلہ دیش مطیع الرحمان نظامی کے حق میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور ان کی مغفرت اور بلندیٴ درجات کے لیے خصوصی دُعائیں کی گئیں۔