اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے لئے پانچ سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیار کرلیا

بدھ 11 مئی 2016 15:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مئی۔2016ء) اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے لئے پانچ سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیار کرلیا‘ وزیراعظم سے مے فیئر میں فلیٹس‘ 1985 سے 2016 تک بیرون ملک خریدی اور فروخت کی گئی جائیداد اور ٹیکس کی تفصیلات بتانے کا مطالبہ ‘ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے سوالنامہ تیار کیا گیا ہے‘ وزیراعظم کے ایوان میں آنے تک واک آؤٹ جاری رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن‘ تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی ‘ شیخ رشید اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے لئے پانچ سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

سوالنامے میں کہا گیا کہ وزیراعظم لندن کے علاقے مے فیئر میں فلیٹس سے متعلق وضاحت دیں‘ پارک لین مے فیئر میں فلیٹس کب خریدے گئے؟ وزیراعظم برطانوی اخبارات میں فلیٹس سے متعلق خبروں کی وضاحت کریں۔

وزیراعظم وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس میں فلیٹس سے متعلق بیان کا جواب دیں ۔ وزیراعظم 1985 سے 2016تک بیرون ملک خریدی اور فروخت کی گئی جائیداد کی تفصیلات بتائیں ‘ وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ نے 1985ء سے 2016 تک کتنا ٹیکس دیا؟ تفصیلات دیں جائیں۔ وزیراعظم اپنے اہل خانہ کے نام آف شور کمپنیوں کی تفصیلات بتائیں۔ آف شور کمپنیوں کی مالیت اور سرمایہ کاری کی تفصیلات بھی بتائی جائیں۔

آف شور کمپنیوں کے لئے پیسہ کہاں سے آیا؟ پیسہ کس طرح بیرون ملک بھیجا گیا؟ اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے ایک ہی سوالنامہ تیار ہو۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لئے کمیٹی کا قیام ابھی ممکن نہیں۔ کمیٹی کی تشکیل کے لئے بعد میں مشاورت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :