بھارت نے جموں وکشمیر میں آبادیاتی توازن بدلنے کی سازشوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے‘آسیہ اندرابی

بدھ 11 مئی 2016 13:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے جموں و کشمیر انڈسٹریل پالیسی 2016 پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سازش کا مقصد مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ نام نہاد گورنر کے دور اقتدار میں منظور کی گئی اس پالیسی کے تحت بھارتی صنعتکاروں کو مقبوضہ علاقے میں صنعتیں لگانے کی دعوت دی جائیگی ، بھارتی فوجیوں اور کشمیری پنڈتوں کیلئے علیحدہ علیحدہ کالونیاں بنائی جائیگی جس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر میں آبادیاتی توازن بدلنے کی سازشوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سازش کے خلاف بھرپور احتجاجی مہم نہ شروع کی گئی تو 2026 تک وادی کشمیرغیر کشمیری لوگوں سے بھرجائے گی اور یہاں کے لوگوں کومجبوراً نقل مکانی کرنی پڑے گی اور مقبوضہ علاقے میں بیروزگاری کی شرح بھی تیزی سے بڑھے گی ۔

(جاری ہے)

آسیہ اندرابی نے آزادی پسندرہنماؤں اور تنظیموں،بار ایسو سی ایشن اور کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور دیگر اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس سازش کے خلاف صف آراء ہوجائیں ورنہ انڈسٹریل پالیسی کشمیر یوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی۔