لاہور ہائیکورٹ نے غیر معیاری ریسرچ پیپر کے ذریعے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر جنرل ریٹائرڈ محمد اسلم کوعہدے سے برطرف کرنے کے لئے دائر درخواست نمٹا دی۔

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 11 مئی 2016 11:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص روف نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزارڈاکٹر قیصر رشید کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ جنرل ریٹائرڈ محمد اسلم نے آیوڈین سالٹ اور چوہوں پر ایک مخصوص بیماری کے پہلے سے ہونے والے تجربے کے ریسرچ پیپرز کو کاپی کر کے غیر قانونی طور پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ محمد اسلم نے سائنسی جرنلز میں اپنے ایک سو بیس آرٹیکلز کی اشاعت کا دعوی کیا ہے مگر اس کے باوجود ان کے نام کی ایک بھی کتاب آج تک شائع نہیں ہوئی جو واضح کرتا ہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر نے پی ایچ ڈی کی ڈگری جعل سازی کر کے حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ جنرل ریٹائرڈ محمد اسلم سائنسی ضابطہ اخلاق کے مرتک ہوئے ہیں لہذا عدالت انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دے۔جس پر عدالت نےسیکرٹری صحت پنجاب اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو درخواست کا جائزہ لے کر پندرہ یوم میں فیصلہ کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے پٹیشن نمٹا دی۔

متعلقہ عنوان :