کراچی،پی سی بی ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ

منگل 10 مئی 2016 22:51

کراچی،پی سی بی ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ

کراچی ۔ 10 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مئی۔2016ء) پی سی بی ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 (کراچی ریجن ) 2 روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لانڈھی جیم خانہ گراؤنڈ پر زون5 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 59.4اوورز میں 181رنز پر پویلین لوٹ گئی طاہر مروت نے 94رنز کی دلفریب اننگز کھیلی جو 11چوکوں سے سجی تھی۔ محمد زاہد نے 25رنز بنائے۔ لیفٹ آرم لیگ اسپنر دانیال نوید نے 49رنز پر 3وکٹ اپنے نام کئے۔

میڈیم پیسر محمدکاشان خان نے 6رنز اور رومیل احمد نے 39رنز پر,2 2کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ زون4نے اپنی پہلی اننگزمیں تمام وکٹوں پر 180رنز 69.4اوورز میں جوڑے۔ علی صہیب نے 70رنز 9چوکوں کی مدد سے بنائے۔ محمد دانیال نے 33رنز 3چوکے لگا کر بنائے۔محمد فیصل نے 25رنز بنائے۔ آف بریک بولر ایمان احمد 37رنز پر 4اور محمد نے زاہد نے 53رنز پر 2کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔

(جاری ہے)

زون5نے دوسری اننگز میں 39اوورز کا سامنا کیا اور 148رنز 5وکٹوں پر اسکورکئے۔ توثیق احمد نے 82رنز کی شاندار اننگز میں 7چوکے اور4چھکے لگائے۔ سلمان خان نے 30اور طاہر مروت نے 23رنز اسکور کئے۔ دانیال نوید نے 24 اور سید معاز علی نے 37 رنز پر 2,2کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ زون 5 اور زون 4کے مابین میچ ڈرا ہونے کے بعد پہلی اننگز کی برتری پر زون5کو 3پوائنٹس مل گئے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر زون2 نے ٹاس جیت کر زون6کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ زون6کی پوری ٹیم 55اوورز کا سامنا کرنے کے بعد 181رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد حسن خان نے 55رنز 7چوکوں کی مدد سے بنائے۔ کامران رحمن 3 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے انہوں نے 47رنز میں 6چوکے رسید کئے۔ سلو لیفٹ آرم رحمت اﷲ نے 61رنز پر 5کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔

زون2نے اپنی پہلی اننگز میں259رنز 7وکٹوں پر مقررہ 70اوورز میں بنائے۔ سفیان خان 87رنز کی شاندار باری کھیلنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 11چوکے لگائے۔حیدر عباس نے 51 رنز میں 9 چوکے لگائے۔ علی شاہ کے 36رنز میں 6چوکے شامل تھے۔ علی خرم نے 50اور محمد حسن خان نے 102رنز کے عوض 2,2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔دوسری اننگز میں زون6کی پوری ٹیم 154رنزپر49.3اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔

حماد مغل نے 9چوکے لگا کر 43رنز اور ایس ایم طہمی کے 31رنز میں 7چوکے شامل تھے۔ میڈیم پیسر محمد عمر نے 32رنز پر 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔زون2نے اپنی دوسری اننگز میں 6وکٹوں پر 59رنز 10اوورز میں اسکور کئے۔ عماد عالم نے 26رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ محمد حسن خان کو 27رنز پر 4وکٹ ہاتھ لگے۔ پہلی اننگز کی برتری پر زون2کو 3پوائنٹس اپنے کھاتے میں درج کرانے کا موقع ملا۔

ٹی ایم سی گراؤنڈ پر زون3نے مقررہ 70اوورز میں 392رنز 5وکٹوں پر حاصل کئے۔عمران شاہ نے 139رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 9چوکے اور چھکا شامل تھا۔ رام روی نے 107رنزمیں 8چوکے اورایک چھکا لگایا۔ دوسری وکٹ پر عمران شاہ اور رام روی نے 189رنز جوڑے۔ اعظم خان نے 88رنز میں 8چھکے اور2چوکے لگائے۔ انہوں نے رام روی کے ساتھ تیسری وکٹ پر 112رنز کی رفاقت قائم کی۔

اسامہ علی نے 48رنز کی باری کھیلی۔ زون7کی پہلی اننگز 26.3اوورز میں 82رنز پر سمٹ گئی۔ صبیح صدیقی نے 49رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ کچھ مزاحمت کی۔ ان کی اننگز میں 9چوکے شامل تھے۔ امیر نواب نے 17رنز بنائے۔رائٹ آرم لیگ بریک بولر ابرار احمد نے 25رنز کے عوض 8بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ انس حمید کو 23 رنز پر 2 وکٹ ملے۔ فالو ان کے بعد زون 7نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 126رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سبحان شاہ 6چوکوں کی مدد سے 43رنز بنا کر اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے۔ معاز اشعر نے 27رنز میں 5چوکے لگائے۔ ابرار احمد نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کی اور 67رنز پر 6کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھماکر میچ میں مجموعی طور پر 14وکٹیں92رنز کے عوض اپنے نام کیں۔زون3نے حریف ٹیم کیخلاف ایک اننگز اور 184رنز سے کامیابی سمیٹ کر 10پوائنٹس اپنے کھاتے میں درج کرائے۔12مئی (جمعرات ) کو یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر زون1اور زون6، ٹی ایم سی گراؤنڈ پر زون2اورزون3جبکہ آصف آباد گراؤنڈ پر زون6اورزون7مدمقابل ہونگی۔