پاک فضائیہ کی جنگی مشق ٹیمپیسٹ ۔ IIکا آغاز ، اغراض و مقاصد پر مبنی تفصیلی بریفنگ

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود مہمان خصوصی ، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی بھی شرکت

منگل 10 مئی 2016 22:43

پاک فضائیہ کی جنگی مشق ٹیمپیسٹ ۔ IIکا آغاز ، اغراض و مقاصد پر مبنی تفصیلی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مئی۔2016ء ) پاک فضائیہ کی جنگی مشق ٹیمپیسٹ ۔ IIکے آغاز کے موقع پر اس کے اغراض و مقاصد پر مبنی ایک تفصیلی بریفنگ نور خان آڈیٹوریم ، ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود مہمان خصوصی جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اس بریفنگ میں موجود تھے۔

تینوں افواج کے اعلیٰ افسران نے بھی اس مشق کی بریفنگ میں شرکت کی ۔ پاک فضائیہ تینوں افواج کے ساتھ مل کر نئے جنگی تناظر اور ان کے حصول کے لئے جنگی مشق ٹیمپیسٹ ۔ II کا انعقاد کر رہی ہے۔ جنگی مشق کی بنیاد پاک فضائیہ کے آپریشنل نظریات پر مبنی ہے جبکہ اس کا مقصد مستقبل کے کسی بھی تنازعے میں فضائی قوت کی اہمیت کو جانچنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ مشق نہ صرف حکمتِ عملی اور آپریشنز پر دانشورانہ بحث کا آغاز کرتی ہے بلکہ یہ چیلنجز کے دوران اپنی قوت کو جانچنے کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے جو کہ پاک فضائیہ کے ارتقاء اور نشو ونما کے لئے بہت اہم ہے۔

یہ مشق پاک فضائیہ کی آپریشنل پلاننگ کا اہم جزو ہے اور اس کے نتائج جنگ کے دوران پاک فضائیہ کی منصوبہ بندی کے لئے معاون ثابت ہونگے۔ فضائی قوت اپنی ابتداء سے اب تک کئی سالوں سے جنگ کے دوران ایک بہترین اور حتمی قوت ثابت ہوتی ہے۔فضائی قوت کی استعداد اور صلاحیت کی وجہ سے یہ کسی بھی جنگ کا بنیادی محور بن چکی ہے۔