وزیراعلیٰ بلوچستان نے جی ڈی اے ہسپتال کا افتتاح کردیا

منگل 10 مئی 2016 22:05

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کے ہمراہ جی ڈی اے ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ، جی او سی 33ڈویژن میجر جنرل اظہر حیات، رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی، ڈسٹرکٹ چیئرمین گوادر بابو گلاب، چیئرمین جی پی اے دوستین جمالدینی، ڈی جی جی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کے ساتھ انہیں فراہم کی جانے والی علاج و معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک بوڑھی خاتون نے ہسپتال کی فعالی پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گوادر کے غریب عوام کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہسپتال قائم کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں، بعد ازاں وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے بارے میں دی گئی بریفنگ میں شرکت کی، وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کاوشوں سے 8سال سے بند ہسپتال کو 8دن کے اندر فعال کر دیا گیا ہے، ہسپتال میں محکمہ صحت، پاک فوج کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ خدمات انجام دے رہا ہے، روزانہ 450سے زائد مریضوں کو او پی ڈی کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، 50بستروں پر مشتمل ہسپتال کو اگلے مرحلے میں 150بستروں اور تیسری مرحلے میں 350 بستروں تک توسیع کر دی جائے گی، ہسپتال پاک چائنا اقتصادی راہداری کا حصہ ہے جس کی تعمیر کے لیے چین کا بھرپور تعاون حاصل ہے، وزیراعلیٰ کوبتایا گیا کہ ہسپتال کے منصوبے میں میڈیکل کالج اور نرسنگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا قیام بھی شامل ہے،بریفنگ کے دوران ہسپتال کی ضروریات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے ان ضروریات کو فوری طور پر پورا کرنے کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے، بریفنگ کے دوران ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی ، ایکسرے مشین ،الٹراساؤنڈ مشین ، سی ٹی سکین مشین اور دیگر طبی آلات کی خریداری ، طبی عملے کی بھرتی اور ڈاکٹروں کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری بھی دی گئی، بریفنگ میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ ابتدائی چھ ماہ کے دوران جی ڈی اے ہسپتال کو چلائے گی اس مدت کے بعد ہسپتال کو خود مختار ادارہ بنا دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :