ہماری نوجوان نسل صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں،اقبال ظفرجھگڑا

جن معاشروں میں ٹیلنٹ کی قدر کی جاتی وہ معاشرے اقوام عالم میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں،تعلیم کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت وسائل کو حقیقی معنوں میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے،گورنرخیبرپختونخوا

منگل 10 مئی 2016 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مئی۔2016ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ ہماری نوجوان نسل صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اعلی تعلیم اور معیاری ریسرچ کے مواقعوں کی فراہمی کویقینی بنایاجائے اوراس ضمن میں موجودہ حکومت معیاری ریسرچ اور تعلیم کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع اقدامات اٹھارہی ہے۔

جن معاشروں میں ٹیلنٹ کی قدر کی جاتی وہ معاشرے اقوام عالم میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں۔وہ منگل کے روزگورنرہاؤس پشاور میں خیبرگرلزمیڈیکل کالج اورپاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ کے گولڈمیڈلسٹ گریجویٹس کی اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرحفیظ اﷲ ،پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹرجنرل حکیم شاہ، رجسٹرار اور پرنسپل خیبرمیڈیکل گرلز کالج پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین سمیت طلباء وطالبات، ان کے والدین اوردونوں اداروں کے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگورنرنے گولڈمیڈلز حاصل کرنے والے گریجویٹس کو ان کی کامیابی کے اعتراف میں کیش ایوارڈزبھی دیے اور مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور ضرورت اس امرکی ہے کہ انہیں اپنا ٹیلنٹ منوانے کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں۔ ہماری کوشش ہے کہ پروفیشنل اداروں میں جدید تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ ریسرچ میں بھی بہتری لائی جائے۔

انہوں نے کہاکہ قوموں کا وجود تعلیم کے معیار سے وابستہ ہے اور علم کا مہذب معاشروں کے قیام میں مسلمہ کردار ہے۔گورنرنے گولڈمیڈلز حاصل کرنیوالے گریجویٹس کوان کی کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے تاکید کی کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت کو استعمال میں لاکر نہ صرف اپنے لئے بلکہ والدین ،اساتذہ اور ادارے کانام روشن کریں اور اس امید کا اظہارکیا کہ وہ ریسرچ پرخصوصی توجہ دیں گے اورمزید تعلیم حاصل کرکے ملک وقوم کی خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے بچوں کی کامیابی پر فخرہے۔ انہوں نے کہاکہ علم کا مہذب معاشروں کے قیام میں مسلمہ کردار ہے۔ انہوں نے اس امر پرزوردیا کہ جو قومیں تعلیم میں پیچھے رہ جاتی ہے ان کا وجود قائم نہیں رہتا۔ گورنرنے کہاکہ تعلیم کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت وسائل کو حقیقی معنوں میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کے اثرات نمایاں ہوں۔

گورنرنے گولڈمیڈلزوصول کرنے والے گریجویٹس کو آئندہ وقت میں ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہاکہ ان پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ و ہ مستقبل کی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھانے کی کوشش کریں اور نہ صرف اپنے متعلقہ شعبے میں مزید تعلیم حاصل کریں بلکہ انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سے معاشرے کے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہوگئے اوراب انہیں ان توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور جدو جہد کرنی ہوگی۔

گورنرنے خیبرمیڈیکل گرلزکالج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ بات انتہائی اطمینان بخش ہے کہ انتہائی کم عرصے میں خیبرمیڈیکل گرلز کالج نے مہارت، خوداعتمادی ، معیاری ریسرچ اور جدید میڈیکل کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی اور طالبات کے مابین ہرشعبے میں فوقیت کی روایت ڈالی جو نہ صرف اس ادارے کیلئے حوصلہ افزاء ہے بلکہ اس خطے کیلئے بھی باعث اعزاز ہے۔

انہوں نے کہاکہ مقابلے کی اس دوڑ میں طالبات کو بھی تعلیم حاصل کرناہوگی اور خاص طور پر طبی تعلیم میں مزید محنت کرناہوگی اور اپنانام پیدا کرناہوگا۔گورنرنے پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ اور اس کی انتظامیہ کی جنگلات اور وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے میں انتہائی اہم ادارہ ہے جو نہ صرف جدید علوم اور مہارت سے آراستہ ہے بلکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کوپیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کرتاہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہارکیاکہ وہ اپنے والدین اورقوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور نہ صرف اپنی بہتری کیلئے بلکہ پاکستان میں جنگلات ،وائلڈلائف اورموسمیات کے تحفظ کیلئے اپناکردار ادا کریں گے بلکہ ملکی تعمیروترقی کیلئے جذبے سے کام کریں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلرکے ایم یو اورڈائریکٹرجنرل پی ایف آئی نے گورنر کو سوینئربھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :