رمضان المبارک کے دوران غریب روزہ داروں کی سہولت کیلئے ضلع میں گیارہ مقامات پر مفت افطار مدنی دستر خوان لگائے جائیں گے، حاجی محمد نواز

منگل 10 مئی 2016 19:56

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مئی۔2016ء ) آئندہ رمضان المبارک کے دوران غریب روزہ داروں کی سہولت کیلئے ضلع میں گیارہ مقامات پر مفت افطار مدنی دستر خوان لگائے جائیں گے جن کا اہتمام مخیر افراد اور انجمن تاجران کی طرف سے کیاجائے گا۔مفت افطار مدنی دستر خوان میں تحصیل بھکرکے چار،کلوکورٹ کے تین جبکہ تحصیل دریاخان اور منکیرہ کے دودودسترخوان شامل ہونگے۔

یہ بات سابق ایم پی اے /کنوینر مدنی دستر خوان پنجاب حاجی محمد نواز کے زیر صدارت ڈی سی او آفس میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں بتائی گئی ۔اس موقع پر ڈی سی او احمدمستجاب کرامت ،اے ڈی سی حافظ احمد طارق،ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ عاصم صادق قریشی،چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد شاہد رانا ،پٹرول پمپس ایسوسی ایشن اور شوگر ملز انتظامیہ کے نمائندگان،انجمن تاجران کے صدر رانامحمد حنیف ،جنرل سیکریٹری عاشق کھوکھر،ڈی او انڈسٹریز محمد متین اصغر ،حاجی عبدالحکیم مغل،محکمہ خوراک،زراعت،سماجی بہبود اور ٹی ایم ایز کے افسران بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایاگیاکہ بھکر شہرمیں ڈی ایچ کیو ہسپتال،ریلوے اسٹیشن اور عطاء پارک میں انجمن تاجران جبکہ ہلٹن چوک پر رانامحمد حنیف کے زیر انتظام مفت افطار مدنی دسترخوان کا اہتمام کیاجائے گا اسی طرح کلورکوٹ تحصیل میں ٹی ایم اے آفس کلورکوٹ اورصدیق اکبر چوک جنڈانوالہ میں انجمن تاجران جبکہ نزد لاری اڈہ کلورکوٹ ایم پی اے امیرمحمد خان مفت افطار مدنی دستر خوان کا اہتمام کریں گے۔

علاوہ ازیں تحصیل دریاخان میں فوارہ چوک دریاخان اور مین بازار دلیوالااورتحصیل منکیرہ میں شہر منکیرہ مین بازاراور مین بازار حیدرآباد تھل میں انجمن تاجران کی طرف سے مفت افطار مدنی دستر خوان لگائے جائیں گے۔اس موقع پر مزید بتایا گیاکہ رمضان المبارک کے دوران پٹرول پمپس ایسوسی ایشن اور شوگر ملز دریاخان کی انتظامیہ بھی مدنی دستر خوان لگائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ رمضان المبارک کے بعد ہرتحصیل میں مخیرحضرات کے تعاون سے ایک ایک مدنی دسترخوان مستقل بنیاد پر لگایا جائے گا۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال بھکر کے مقام پر حاجی عبدالحکیم مغل اور کلورکوٹ شہر میں ایم پی اے امیرمحمد خان مستقل مدنی دسترخوان کا اہتمام کریں گے جبکہ دریاخان اور منکیرہ میں مستقل مدنی دستر خوان کا فیصلہ بھی جلد کرلیاجائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مدنی دسترخوان پنجاب کے کنوینر سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز نے انجمن تاجران اور مخیر حضرات کے جذبہ انسانی خدمت کو سراہتے ہوئے مفت افطار مدنی دسترخوان اور مستقل بنیادپر تجویز کردہ مدنی دسترخوان لگانے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہاکہ فلاح و خدمت انسانی کے جذبہ سے سرشار افراد معاشرہ کیلئے قیمتی اثاثہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مدنی دستر خوان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے کے تما م مخیر افرادکو خدمت انسانی کے اس عظیم کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیناچاہئے۔

متعلقہ عنوان :